ریاض فتیانہ نے شہباز شریف کی خارجہ پالیسی کامیاب قراردیدی

ریاض فتیانہ نے شہباز شریف کی خارجہ پالیسی کامیاب قراردیدی
کیپشن: ریاض فتیانہ نے شہباز شریف کی خارجہ پالیسی کامیاب قراردیدی

ویب ڈیسک: تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ریاض فتیانہ نے وزیر اعظم شہباز شریف کی حکومت کی خارجہ پالیسی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی سطح پر پاکستان کا کردار تیزی سے مضبوط ہو رہا ہے۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگرچہ بھارت ہمیں کھیل کے میدان میں شکست دے رہا ہے لیکن سفارتی محاذ پر وہ دباؤ میں نظر آ رہا ہے۔

ریاض فتیانہ نے مزید کہا کہ حالیہ دورۂ امریکا اور برطانیہ کے دوران انہوں نے دونوں ممالک میں پاکستانی سفارتخانوں کی کارکردگی کو قریب سے دیکھا ہے۔ ان کے مطابق ہمارے دونوں سفیروں نے نہایت عمدگی کے ساتھ پاکستان کا مؤقف پیش کیا ہے اور یہ کریڈٹ وزارتِ خارجہ کو جاتا ہے جو پوری ذمہ داری کے ساتھ کام کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قطر کے معاملے میں بھی پاکستان کی انٹیلی جنس اور ٹیکنالوجی خطے میں سب سے آگے ہے۔ اگر ہمارے وسائل اور فورسز کو مزید تعاون حاصل ہوا تو پورے مشرقِ وسطیٰ میں امن قائم کرنے میں پاکستان ایک کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ عالمی سطح پر پاکستان کی پذیرائی بڑھ رہی ہے۔

اسی دوران وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال میں پاکستان نے سفارتکاری کے میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ ثالثی سے لے کر سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں پاکستان کا بڑھتا ہوا کردار اس بات کا ثبوت ہے کہ ہماری خارجہ پالیسی درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما علی موسیٰ گیلانی نے کہا کہ اگرچہ ملک میں عوام کو معاشی اور سیلابی مشکلات کا سامنا ہے لیکن بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے کردار کو تقویت مل رہی ہے۔ ان کے مطابق چین، قطر اور سعودی عرب کے حالیہ دورے ظاہر کرتے ہیں کہ پاکستان بدلتے ہوئے عالمی حالات میں ایک اہم فرنٹ رول ادا کرنے جا رہا ہے۔ تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ مالی وسائل کی کمی پاکستان کے لیے چیلنج ہے لیکن فوجی طاقت کے باعث پاکستان خطے میں اہمیت رکھتا ہے۔

یہ بیانات ظاہر کرتے ہیں کہ ملکی سیاست میں اختلافات کے باوجود پاکستان کی خارجہ پالیسی پر کئی حلقے مثبت رائے رکھتے ہیں اور اسے خطے میں امن و استحکام کا ذریعہ سمجھتے ہیں۔

Watch Live Public News