ویب ڈیسک: قومی پیغامِ امن کمیٹی کے وفد نے بلوچستان کا دورہ کیا، جہاں وزیر داخلہ بلوچستان ضیاء لانگو، مولانا طاہر محمود اشرفی، صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ اور رکن بلوچستان اسمبلی مینا مجید بلوچ نے مشترکہ نیوز کانفرنس میں امن، دہشت گردی کے خاتمے اور خواتین کو خودکش حملوں کے لیے استعمال کرنے پر تشویش کا اظہار کیا۔
وزیر داخلہ ضیاء لانگو نے کہا کہ پاکستان کا فلسفہ امن کا فروغ ہے۔ پاکستان نے خطے میں کشیدگی کے دوران انسانی جانیں بچانے اور ثالثی میں اہم کردار ادا کیا، تاہم ان کے بقول دشمن ممالک پراکسیز کے ذریعے پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا اسلام اور بلوچ روایات سے کوئی تعلق نہیں اور اس کے خلاف حکومت، ریاستی ادارے اور علماء متحد ہیں۔
مولانا طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ قرآن و سنت کی تعلیمات کے مطابق ایک بے گناہ انسان کا قتل پوری انسانیت کے قتل کے مترادف ہے۔ انہوں نے کم عمر بچیوں اور خواتین کو خودکش حملوں کے لیے استعمال کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسلام، بلوچ روایات اور ملکی قوانین اس عمل کی اجازت نہیں دیتے۔
صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ امن کا قیام سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے علماء کرام کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان کی سرزمین پر امن کو سبوتاژ کرنے والوں کے لیے کوئی جگہ نہیں۔
رکن بلوچستان اسمبلی مینا مجید بلوچ نے کہا کہ دہشت گردی کے لیے خواتین کے استعمال پر تشویش ہے۔ نوجوانوں اور طلبہ تک اسلامی تعلیمات کی روشنی میں خودکش حملوں کی حرمت کا پیغام پہنچانا ضروری ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف حکومتی اقدامات کی حمایت کا بھی اظہار کیا۔