پاکستان، چین دہشتگردی کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر کاربند رہیں گے: چن شیاوجیانگ

پاکستان، چین دہشتگردی کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر کاربند رہیں گے: چن شیاوجیانگ

ویب ڈیسک: صدر آصف علی زرداری کی اُرمچی میں کمیونسٹ پارٹی سیکریٹری سنکیانگ چن شیاوجیانگ سے ملاقات، صدر زرداری کی ملاقات میں گورنر سنکیانگ ارکن تونیا ز بھی موجود تھے، چن شیاوجیانگ نے صدر زرداری کا خیرمقدم کیا۔

چن شیاوجیانگ نے کہا صدر زرداری نے فروری 2025 میں بیجنگ میں صدر شی چن پنگ سے ملاقات کی تھی اور اہم معاہدوں پر دستخط ہوئے تھے، چن شیاوجیانگ کا کہنا تھا کہ حالیہ دورۂ وزیراعظم شہباز شریف کے موقع پر سی پیک کے دوسرے مرحلے کی رفتار تیز تر ہوئی۔

چن شیاوجیانگ نے کہا سنکیانگ خوشحالی اور پائیدار امن کا مرکز بن چکا ہے، جی ڈی پی 5.6 کھرب یوان سے تجاوز کر گیا ہے، سنکیانگ انتہا پسندی کی بنیادی وجوہات پر قابو پانے اور سماجی ترقی کے لئے اقدامات کر رہا ہے، پاکستان اور چین کے درمیان آٹھ سسٹر سٹی معاہدے ہیں جن میں اُرمچی اور پشاور بھی شامل ہیں۔ 

  چن شیاوجیانگ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین دہشتگردی اور علیحدگی پسندی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر کاربند رہیں گے، صدر زرداری نے کہا چین کے عوام کی یکجہتی اور سنکیانگ کی ترقی متاثر کن ہے، پاکستان اور چین کی دوستی وقت کی آزمائش پر پوری اتری ہے اور پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے۔

پاکستان دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے چین کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔

صدر زرداری نے کہا پاکستان اور چین زراعت، صنعت، معدنیات اور نئی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھائیں گے۔

صدر زرداری کا مزید کہنا تھا کہ اُمید ہے دونوں ممالک کے عوام جلد ایک دوسرے کے ممالک کی سڑک کے ذریعے آسانی سے سفر کر سکیں گے۔ 

 ملاقات میں سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سندھ کے وزیر توانائی ناصر شاہ، پاکستان اور چین کے سفراء بھی شریک تھے۔ 

Watch Live Public News