حوصلہ اور قابلیت ہمارے سپاہیوں کی پہچان ہے، آرمی چیف

حوصلہ اور قابلیت ہمارے سپاہیوں کی پہچان ہے، آرمی چیف
کیپشن: 8 واں پاکستان آرمی ٹیم سپرٹ کمپیٹیشن مکمل، آرمی چیف کی خصوصی شرکت

ویب ڈیسک: پاکستان آرمی کے زیر اہتمام آٹھواں " پاکستان آرمی ٹیم سپرٹ کمپیٹیشن (PATS)" کامیابی کے ساتھ کھاریاں چھاؤنی میں مکمل ہو گیا۔ مشق کی اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر تھے۔آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ حوصلہ اور قابلیت ہمارے سپاہیوں کی پہچان ہے۔

 آئی ایس پی آرکے مطابق یہ 60 گھنٹوں پر محیط ایک سخت ترین پٹرولنگ مشق تھی، جس کا مقصد مختلف ممالک کی افواج کے درمیان پیشہ ورانہ مہارت اور تجربات کا تبادلہ تھا۔ یہ مشق نیم پہاڑی علاقوں میں انجام دی گئی، مشق کا مقصد عسکری چیلنجز کے لیے تیاری، ہم آہنگی اور جدید جنگی تقاضوں سے مطابقت حاصل کرنا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس اہم مقابلے میں پاکستان آرمی کی 7 ٹیمیں،پاک بحریہ کی 1 ٹیم،15 دوست ممالک کی ٹیمیں شریک ہوئیں۔شریک ممالک میں چین، امریکا، ترکیہ، سعودی عرب، نیپال، ازبکستان سمیت دیگر ممالک شامل تھے، جبکہ بنگلہ دیش، مصر، جرمنی، تھائی لینڈ اور دیگر 6 ممالک کے مبصرین نے مشق کا مشاہدہ کیا۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے مشق میں شریک تمام شرکاء کی پیشہ ورانہ صلاحیت، جسمانی اور ذہنی طاقت کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر  نے کہا کہ PATS جیسے مقابلے جنگ کے بدلتے خدوخال سے ہم آہنگی میں مدد دیتے ہیں۔ پاکستان آرمی کا کردار، حوصلہ اور صلاحیت دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے۔

تقریب کے اختتام پر آرمی چیف نے نمایاں کارکردگی دکھانے والی ٹیموں اور افسران میں انعامات تقسیم کیے۔

بین الاقوامی مبصرین اور دفاعی اتاشیوں نے مشق کے اعلیٰ معیار اور انتظامات کو بھی سراہا۔

Watch Live Public News