ویب ڈیسک: گندم کی فی من قیمت چار ہزار روپے مقرر کرنے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائرکردی گئی۔ درخواست چنیوٹ کے کسان نے ایڈووکیٹ غلام عباس ہرل کی وساطت سے دائر کی ۔ درخواست میں پنجاب حکومت، سیکرٹری فوڈ ڈیپارٹمنٹ اور ڈی جی پاسکو کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ ہمارے ملک میں زرعی سیکٹر خوراک کی کمی کو پورا کرتا ہے۔ حکومت 2200 روپے فی من گندم کی قیمت مقرر کر رہی ہےجبکہ فی ایکڑ خرچہ 3600 روپے ہے۔ حکومت کسانوں سے گندم کی خریداری بھی نہیں کر رہی۔ گندم کا ریٹ کم مقرر کرنا غیر قانونی اور کسانوں کے ساتھ زیادتی ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ لاہور ہائیکورٹ حکومت کو چار ہزار روپے فی من گندم کا ریٹ مقرر کرنے کا حکم دے۔ عدالت گندم کی خریداری کے لیے حکومت کو پالیسی بنانے کا حکم دے۔ عدالت کسانوں کو سبسڈی دینے کے حوالے سے بھی احکام جاری کرے۔