ویب ڈیسک: آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر ، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی ایل سی سی گراؤنڈ پہنچ گئے ، محسن نقوی نے پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی، کہا کہ پاکستان ویمن ٹیم آئی سی سی کے ساتھ معاہدے کے مطابق بھارت نہیں جائے گی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ویمن ٹیم آئی سی سی کے ساتھ معاہدے کے مطابق بھارت نہیں جائے گی،نیوٹرل وینیو کے مقام کا تعین بھارت نے کرنا ہے،جب ٹیم ایک ساتھ کھیلے گی تو نتائج اسی طرح کے آئیں گے، مینز ٹیم کے لیے بھی یہی پیغام ہے کہ وہ ایک ہو کر کھیلیں، ویمن ٹیم کے لیے انعام کا اعلان کریں گے، یہ ان کا حق ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ بھارت میزبان ہے، وہ فیصلہ کریں گے کہ کہاں کھیلنا ہے؟ جہاں بھی ہوگا وہاں کھیلیں گے مگر بھارت نہیں جائیں گے،جب معاہدہ کیا ہے تو اسکے مطابق چلیں گے، کوئی بھی ٹیم ایک دم رزلٹ نہیں دیتی، چھوٹی چھوٹی تبدیلیاں ہوتی رہیں اور اسکے بعد ایک ٹریک پر آئے، اسی طرح انڈر 19 ، شاہینز اور پاکستان مینز ٹیم میں تبدیلی کے ساتھ نتائج آنا شروع ہوں گے۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کے کوچنگ کے حوالے سے آئندہ چند روز میں فیصلہ کریں گے، عاقب جاوید کو وقتی طور پر زمہ داری سنبھالنے کی درخواست کی تھی، آئندہ ہفتے اس بارے میں سوچ بچار کریں گے، ویمن کرکٹ کے حوالے سے ایک دو پروجیکٹ پر کام کر رہے ہیں، ٹیم مومینٹم میں ہے، گراؤنڈ میں نظر آرہا تھا کہ ٹیم فائٹ کر رہی ہے۔
محسن نقوی سے سوال کیا گیا کہ رضوان نے دبے الفاظ میں ناراضگی کا اظہار کیا کہ انکے پاس اختیارات نہیں ہیں، جواب دیتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ رضوان کے بارے میں کوئی کمینٹ نہیں کروں گا۔
چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے ٹورنامنٹ میں خواتین کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کو سراہا، محسن نقوی نے کہا کہ خواتین کھلاڑی ایک ٹیم کی طرح کھیلیں اور 5 میچز میں فتح حاصل کی۔
پاکستان کی ویمنز پلئیرز نے ٹیم ورک کا بہترین مظاہرہ کیا،امید ہے کہ آپ ورلڈ کپ میں ایسی شاندار کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھیں گی۔