(ویب ڈیسک ) سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پردراندازی کی کوشش ناکام بنادی ، فائرنگ کے تبادلے میں 5 خوارج ہلاک جبکہ 4 زخمی ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے دراندازی کی کوشش کو ناکام بنایا۔جس کے نتیجے میں فتنہ الخوارج کے پانچ خوارج جہنم واصل ہوئے اور چار خوارج زخمی ہوگئے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران پاک فوج کے تین بہادر جوان نائیک عنایت خان، لانس نائیک عمر حیات اور سپاہی وقار خان نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان مستقل طور پر عبوری افغان حکومت سے کہہ رہا ہے کہ وہ سرحد کے اطراف میں موثر بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنائے، توقع ہے کہ افغان عبوری حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور خوارج کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کو جاری رکھنے کے لیے افغان سرزمین کے استعمال کو روکے گی۔
پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کی حفاظت کے لیے پرعزم ہیں ، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔