ویب ڈیسک: ڈی جی آئی ایس پی آر احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ہدایت پر خیبر پختونخوا میں امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔
میڈیا بریفنگ میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ میڈیکل بٹالین کے علاوہ سی ایم ایچ سے ڈاکٹرز کی ٹیم کو کے پی روانہ کیا، صوبے میں فوج کی 8 یونٹس امدادی کارروائیوں میں سرگرم عمل ہیں۔
احمد شریف چوہدری نے کہا کہ میڈیکل کی 3 یونٹس خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں تعینات ہیں، ایک انجینئر بریگیڈد و انجینئر بٹالین اور ریسکیو ٹیم کے پی اور 2 جی بی میں تعینات ہو چکی ہیں، اب تک 6 ہزار 304 سے زائد خواتین اور بچوں کو طبی امداد فراہم کی جا چکی ہے، 903 بزرگوں، بہن، بھائیوں اور بچوں کو ریسکیو کیا جا چکا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ آرمی ایوی ایشن کو بھی متاثرہ علاقوں میں رضاکارانہ تعینات کیا گیا ہے، دور دراز علاقوں میں دوائیاں اور کھانا پہنچانے کا کام جاری ہے، ٹیلی کمیونیکیشن اور پی ٹی اے کیساتھ ملکر آرمی کام کر رہی ہے، بونیر، شانگلہ میں 2، 2 بٹالین فلڈ اینڈ ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں، 2 انجینئر بٹالین بونیر اور شانگلہ کی سڑکوں کو کھولنے کا کام کر رہی ہیں، میڈیکل ٹیم خیبر پختونخواہ کے علاقوں میں بھجوائی جا چکی ہیں۔
احمد شریف چوہدری نے کہا کہ پاک فضائیہ کا سی 130 طیارہ گلگت بلتستان امدادی سامان لے کر گیا ہے، آپ کے فوجی بھائی سیلاب متاثرہ شمالی علاقوں میں کام کر رہے ہیں۔