(ویب ڈیسک ) مصطفیٰ عامر قتل کیس میں مرکزی ملزم ارمغان کو نفسیاتی مریض ثابت کرنے کی کوشش ناکام ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں مصطفیٰ عامر قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان کے نفسیاتی معائنے کی درخواست مسترد کر دی۔
عدالت میں ملزم ارمغان کی والدہ کی جانب سے درخواست دائر کی گئی تھی، جس میں ارمغان کا نفسیاتی معائنہ کرانے کا کہا گیا تھا۔
سماعت کے دوران سرکاری وکیل نے ملزم کے نفسیاتی علاج کی مخالفت کی ،انہوں نے عدالت کو بتایا کہ کہ ملزم نے پولیس سے کئی گھنٹے تک مقابلہ کیا تھا۔ ملزم کی فائرنگ سے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) اور ایک اہلکار زخمی ہوا تھا۔
سرکاری وکیل نے کہا کہ ملزم کا دوران ریمانڈ کئی بار میڈیکل معائنہ ہو چکا ہے، میڈیکل ریکارڈ کے مطابق ملزم کو کسی قسم کا نفسیاتی عارضہ لاحق نہیں ہے۔
جس کے بعد انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ملزم ارمغان کے نفسیاتی علاج کی درخواست مسترد کر دی۔
واضح رہے کہ 12 اگست کو پولیس نے مصطفیٰ عامر کے قتل کے کیس میں 2 ماہ کے وقفے کے بعد حتمی چالان انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں جمع کروایا تھا۔
قبل ازیں مئی میں عبوری چالان جمع کروایا گیا تھا، جس میں مرکزی ملزم ارمغان قریشی اور شیراز عرف شاہ ویز بخاری کو نامزد کیا گیا تھا۔