ویب ڈیسک: متحدہ عرب امارات نے ایران کے ساتھ تمام تجارتی سرگرمیاں، تجارتی تبادلے اور مالی لین دین تاحکمِ ثانی معطل کرنے کا اعلان کردیا۔
اماراتی وزارتِ خارجہ کے مطابق یہ فیصلہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور علاقائی و عالمی امن و سلامتی کو درپیش خطرات کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔ وزارتِ خارجہ کی ڈائریکٹر برائے اسٹریٹجک کمیونیکیشنز افرا الحمّلی نے کہا کہ موجودہ علاقائی صورتحال خطے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے بھی خطرات پیدا کر رہی ہے۔
وزارتِ خارجہ کے مطابق متحدہ عرب امارات امن، مذاکرات، تعاون اور علاقائی انضمام کے لیے پرعزم ہے، جبکہ بین الاقوامی مالیاتی نظام کی سالمیت کا تحفظ بھی اس کی ترجیحات میں شامل ہے۔
متحدہ عرب امارات اور ایران کے درمیان طویل عرصے سے اہم تجارتی و مالی روابط موجود ہیں، اس لیے اس فیصلے سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، ادائیگیوں اور مالیاتی لین دین پر نمایاں اثرات مرتب ہونے کا امکان ہے۔