چارلس اسپینسر کا بہن شہزادی ڈیانا کی موت سے متعلق ’حقیقت‘ سامنے لانے کا اعلان

چارلس اسپینسر کا بہن شہزادی ڈیانا کی موت سے متعلق ’حقیقت‘ سامنے لانے کا اعلان
کیپشن: چارلس اسپینسر کا بہن شہزادی ڈیانا کی موت سے متعلق ’حقیقت‘ سامنے لانے کا اعلان

ویب ڈیسک: برطانوی شاہی خاندان کی آنجہانی بہو شہزادی لیڈی ڈیانا کے بھائی چارلس اسپینسر نے اپنی بہن کی زندگی اور موت سے متعلق یادیں اور واقعات اپنے نقطۂ نظر سے بیان کرنے کے لیے نئی کتاب لکھنے کا اعلان کردیا۔

کتاب ’سوان سانگ: ڈیانا، مائی سسٹر‘ برطانیہ سمیت دیگر ممالک میں 22 ستمبر کو شائع ہوگی اور اس کا 12 زبانوں میں ترجمہ کیا جائے گا۔

پبلشر پینگوئن رینڈم ہاؤس کے مطابق یہ پہلی مرتبہ ہے کہ چارلس اسپینسر نے اپنی بہن کے بارے میں تفصیل سے اور کھل کر اظہارِ خیال کیا ہے۔ کتاب میں ڈیانا کی زندگی، شخصیت اور 1997 میں پیرس میں کار حادثے میں ان کی ہلاکت کے بعد گزرنے والے المناک ہفتے کا بھی ذکر ہوگا۔

چارلس اسپینسر کا کہنا ہے کہ ڈیانا کی موت کی 30ویں برسی قریب آنے کے باعث انہیں ایک بار پھر متعدد انٹرویوز کی درخواستیں موصول ہو رہی تھیں، جس نے انہیں اپنی یادیں اور خیالات کتاب کی صورت میں محفوظ کرنے پر آمادہ کیا۔

ان کے مطابق وقت گزرنے کے ساتھ ڈیانا سے متعلق بعض ایسی آرا بھی حقیقت سمجھی جانے لگی ہیں جو درست نہیں، اس لیے وہ اپنی بہن کی شخصیت کا وہ پہلو سامنے لانا چاہتے ہیں جسے وہ ذاتی طور پر جانتے تھے۔

چارلس اسپینسر نے کہا کہ وہ ڈیانا کو مثبت انداز میں یاد کرنا چاہتے ہیں اور قارئین کو ان کی ایسی شخصیت سے روشناس کرانا چاہتے ہیں جس میں محبت، کشش، عدم تحفظ اور بھرپور زندگی گزارنے کا جذبہ نمایاں تھا۔

ڈیانا کی موت کے بعد ان کے بھائی نے ویسٹ منسٹر ایبی میں ہونے والی آخری رسومات کے دوران جذباتی خطاب کیا تھا اور ان کے بیٹوں شہزادہ ولیم اور شہزادہ ہیری کی ہمیشہ دیکھ بھال کرنے کا عہد کیا تھا۔

چارلس اسپینسر کا کہنا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ یہ کتاب ڈیانا کو یاد رکھنے والوں کے ساتھ ساتھ ان نوجوانوں کے لیے بھی دلچسپ اور متاثرکن ثابت ہو جو ان کی زندگی کے عروج کے دور سے واقف نہیں۔

Watch Live Public News