ویب ڈیسک: بھارت کی معروف کامیڈین اور ٹی وی میزبان بھارتی سنگھ کے گھر ایک بار پھر خوشیوں نے دستک دے دی ہے۔ بھارتی سنگھ کے ہاں دوسرے بچے کی ولادت ہوئی ہے، جس کے بعد ان کے اہلِ خانہ اور مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی سنگھ کو 19 دسمبر کی صبح اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہوں نے بیٹے کو جنم دیا۔ اگرچہ تاحال بھارتی سنگھ اور ان کے شوہر ہرش لمباچیا کی جانب سے سوشل میڈیا پر اس خوشخبری کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا، تاہم قریبی ذرائع نے دوسرے بیٹے کی پیدائش کی تصدیق کر دی ہے۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ بھارتی سنگھ ان دنوں بھی اپنے کام میں سرگرم ہیں اور مشہور کوکنگ ریئلٹی شو ’’لافٹر شیف‘‘ کی میزبانی کر رہی ہیں، جس کی شوٹنگ جاری ہے۔ یہ شو بھارتی ٹیلی ویژن پر نشر کیا جا رہا ہے اور ناظرین میں خاصی مقبولیت رکھتا ہے۔
یاد رہے کہ بھارتی سنگھ اور ہرش لمباچیا کے ہاں پہلے بیٹے، لکش سنگھ لمباچیا کی پیدائش 2022 میں ہوئی تھی۔ اب دوسرے بچے کی آمد کے ساتھ یہ جوڑا اپنی زندگی کے ایک نئے اور خوشیوں بھرے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، جس پر مداحوں کی جانب سے مبارکباد کا سلسلہ جاری ہے۔