سرکاری ملازمین کو دباؤ میں لانے کے ہتھکنڈے آئین کی خلاف ورزی ہے، وزیر اعظم 

سرکاری ملازمین کو دباؤ میں لانے کے ہتھکنڈے آئین کی خلاف ورزی ہے، وزیر اعظم 

(ویب ڈیسک ) نگران وزیر اعظم انوار الحق کا کڑ  نے کہا ہے کہ   سرکاری ملازمین کو دباؤ میں لانے اور بلیک میل کرنے کے ہتھکنڈے آئین اور قانون کی خلاف ورزی ہیں، ریاست آئینی فرائض کی انجام دہی میں سرکاری ملازمین کا دفاع کرے گی۔

وزیراعظم انوار الحق کاکڑ  نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے 8 فروری کو واضح طور پر حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے منقسم مینڈیٹ دیا ہے۔انہوں  نے کہا کہ پرتشدد رویے کا ثابت شدہ ریکارڈ رکھنے والے بعض عناصر سوشل میڈیا کو بلیک میلنگ کے لیے ہتھیار کے طور پر اپنانے سمیت اب مختلف  ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں اور سرکاری ملازمین کی وفاداریاں ریاست پاکستان سے ہٹا کر پرتشدد گینگ کی طرف کرنے کے لیے دباؤ کے حربے استعمال کر رہے ہیں۔

 وزیراعظم نے کہا کہ یہ ہتھکنڈے آرٹیکل 5 سمیت آئین کے دیگر آرٹیکلز اور ملکی قوانین کی صریحا خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست پاکستان اپنی آئینی ذمہ داریوں کی انجام دہی کے لیے سرکاری ملازمین کا دفاع کرے گی، ان پرتشدد ٹرولز کے خلاف کارروائی کرے گی اور انہیں مثالی سزائیں دلانے کو یقینی بنائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام اور ریاست کی خدمت کرنے والے ان عظیم سرکاری ملازمین کے دفاع کے لیے ہمارے عزم میں کوئی شک و شبہ نہیں ہونا چاہئے۔

Watch Live Public News