حکومتی منظوری کے بعدبھارت میں نیا چیف الیکشن کمشنر تعینات

حکومتی منظوری کے بعدبھارت میں نیا چیف الیکشن کمشنر تعینات
کیپشن: حکومتی منظوری کے بعدبھارت میں نیا چیف الیکشن کمشنر تعینات

ویب ڈیسک:(جوادملک) حکومتی منظوری کے بعد بھارت میں گیانیش کمار کو نیا چیف الیکشن کمشنر تعینات کردیا گیا، کانگرس کا تقرر کمیٹی سے چیف جسٹس انڈیا کو نکالنے پر اعتراض۔

تفصیلات کے  مطابق گیانیش کمار نے بدھ کے روز بھارت کے چیف الیکشن کمشنر  کے عہدےکا چارج لینے کے بعد نوجوان ووٹروں سے اپیل کی کہ وہ جمہوری عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

انہوں نے کہا، ’’قوم کی تعمیر کی پہلی سیڑھی ووٹ ڈالنا ہے۔ جو بھی 18 سال کی عمر کو پہنچ چکا ہے، اسے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنا چاہیے۔   بھارت الیکشن کمیشن ہمیشہ سے ووٹرز کے ساتھ تھا اور ہمیشہ رہے گا۔‘‘

واضح رہے کہ 17 فروری کو حکومت نے گیانیش کمار کو نیا چیف الیکشن کمشنر مقرر کیا تھا۔ اس تقرری کا اعلان وزارت قانون کی جانب سے جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے کیا گیا تھا۔

وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ اور اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کی قیادت میں تشکیل دی گئی سلیکشن کمیٹی نے دہلی میں ایک میٹنگ کے بعد گیانیش کمار کو چیف الیکشن کمشنر منتخب کیا۔

حکومت کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر (سی ای سی) کی تقرری پر اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے سخت اعتراض کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ کو اختلافی نوٹ پیش کیا ہے۔ انہوں نے اس فیصلے کو سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ جمہوریت اور انتخابی عمل کی شفافیت کے لیے خطرناک ہے۔

راہل گاندھی نے اختلافی نوٹ میں واضح طور پر لکھا، ’’ایک آزاد اور خودمختار الیکشن کمیشن کی سب سے بنیادی شرط یہ ہے کہ چیف الیکشن کمشنر اور دیگر کمشنروں کی تقرری کا عمل کسی بھی حکومتی مداخلت سے آزاد ہو۔

سپریم کورٹ کے فیصلے کو نظرانداز کرتے ہوئے مودی حکومت نے کمیٹی سے چیف جسٹس آف انڈیا کو خارج کر دیا ہے، جس سے لاکھوں ووٹرز کے ذہنوں میں انتخابی عمل کی شفافیت پر سنگین خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔‘‘

گیانیش کمار 1988 کے بیچ کے کیرالہ کیڈر کے ریٹائرڈ آئی اے ایس افسر ہیں۔ وہ راجیو کمار کی قیادت میں تین رکنی الیکشن کمیشن کے سب سے سینئر رکن تھے۔ کمیشن کے دوسرے رکن اتراکھنڈ کیڈر کے آئی اے ایس افسر سکھبیر سنگھ سندھو ہیں، جو اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے۔

گیانیش کمار نے مختلف اہم سرکاری عہدوں پر خدمات انجام دی ہیں۔ وہ اس سے قبل پارلیمانی امور اور کوآپریٹو امور کی وزارتوں میں سیکریٹری کے طور پر تعینات رہ چکے ہیں۔ وزارت داخلہ میں اپنے دور کے دوران، انہوں نے جموں و کشمیر امور کے انچارج کے طور پر اہم ذمہ داریاں سنبھالیں۔ جب 2019 میں آرٹیکل 370 کو ختم کیا گیا تھا، تو وہ اس وقت وزارت داخلہ میں جموں و کشمیر ڈیسک کے سربراہ تھے۔

گیانیش کمار نے رام جنم بھومی تیرتھ چھیتر ٹرسٹ کی تشکیل میں بھی کلیدی کردار ادا کیا۔ علاوہ ازیں، انہوں نے کیرالہ میں مختلف عہدوں پر بھی خدمات انجام دیں، جن میں ایرناکولم کے ضلع مجسٹریٹ اور کیرالہ اسٹیٹ کوآپریٹیو بینک کے منیجنگ ڈائریکٹر کے عہدے شامل ہیں۔
تعلیمی پس منظر کے لحاظ سے، گیانیش کمار نے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) کانپور سے سول انجینئرنگ میں بی ٹیک کی ڈگری حاصل کی۔ انہوں نے آئی سی ایف اے آئی سے بزنس فنانس اور ہارورڈ یونیورسٹی سے ماحولیاتی اقتصادیات کی تعلیم بھی مکمل کی۔

Watch Live Public News

کونٹینٹ پروڈیوسر