ویب ڈیسک: مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام اب کسی کو تعمیر وترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنے اور مصنوعی سیاسی بحران پیدا کرنے کی کسی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
تفصیلا ت کے مطابق ان خیالات کا اظہار سابق وزیر اعظم نوازشریف نے رائیونڈ میں اپنی رہائش گاہ پر سینیٹ میں مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی پارٹی لیڈر اور امور خارجہ قائمہ کمیٹی کے چئیرمین سینیٹر عرفان صدیقی سے ملاقات کے دوران کیا۔
نوازشریف نے کہا کہ مصنوعی سیاسی بحران پیدا کرنے کی کسی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے،ایک گروہ سنجیدہ مذاکرات اور سیاسی افہام وتفہیم کی صلاحیت نہیں رکھتا ،2013 سے شروع ہونے والا تعمیروترقی کا سفر جاری رہتا تو آج آئی ایم ایف کی ضرورت ہوتی نہ بیرونی مدد کی ۔پاکستان کے عوام اب کسی کو تعمیر وترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
نواز شریف نے کہاکہ سیاست اور جمہوریت کے بنیادی اصولوں اور قدروں سے ناواقف گروہ کو اب لانگ مارچوں، دھرنوں اور پُرتشدد احتجاج کی اجازت نہیں دی جائے گی۔مصنوعی سیاسی بحران پیدا کرنے کی کسی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔2013 میں تعمیر وترقی اور عوامی خوش حالی کا سفر اُسی رفتار سے جاری رہتا تو آج ہمیں نہ’ آئی۔ایم۔ایف ‘کی ضرورت ہوتی نہ کسی اور کے سامنے ہاتھ پھیلانے کی۔
مسلم لیگی قائد نے کہا کہ عوام اور بالخصوص ہماری نوجوان نسل کو پُرامن اور ترقی کرتے ہوئے پاکستان کی ضرورت ہے۔جہاں اُنہیں اپنی صلاحیتوں کے مطابق کردار ادا کرنے کے مواقع حاصل ہوں۔اب ملک اللہ کے فضل وکرم سے ایک بار پھر اپنے پاﺅں پر کھڑا ہو رہا ہے۔پارلیمنٹ کے اندر اور باہر اُن عناصر کے عزائم کو بے نقاب کرنا چاہیے جو انتشار پھیلانے اور عدمِ استحکام پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
نواز شریف نے مزید کہا کہ یہ لوگ سنجیدہ مذاکرات کرنے اور سیاسی افہام وتفہیم کے ساتھ معاملات حل کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ کو موثر طریقے سے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور عوام سے مضبوط رابطے رکھنے چاہییں۔سینیٹر عرفان صدیقی نے صدر مسلم لیگ (ن) کو سینیٹ میں مسلم لیگ (ن) پارلیمانی پارٹی کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔