سانحہ گل پلازہ میں حکومت لوگوں کو بروقت ریسکیو کرنے میں ناکام رہی، صدر انجمن تاجران سندھ

سانحہ گل پلازہ میں حکومت لوگوں کو بروقت ریسکیو کرنے میں ناکام رہی، صدر انجمن تاجران سندھ
کیپشن: سانحہ گل پلازہ میں حکومت لوگوں کو بروقت ریسکیو کرنے میں ناکام رہی، صدر انجمن تاجران سندھ

ویب ڈیسک: انجمنِ تاجران سندھ کے صدر جاوید قریشی نے گل پلازہ واقعے پر حکومت کی کارکردگی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت لوگوں کو بروقت ریسکیو کرنے میں ناکام رہی۔

نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو  کرتے ہوئے جاوید قریشی نے کہا کہ گل پلازہ کے واقعے میں تاجروں کو بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا، تاہم الزامات بھی تاجروں پر ہی عائد کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ حکومت کی واضح نااہلی ہے کہ 34 گھنٹے گزرنے کے باوجود ریسکیو آپریشن مکمل نہ ہو سکا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اس ناکامی کا اعتراف کرے اور ذمہ داری قبول کرے۔ جاوید قریشی کے مطابق پلازہ کی دیکھ بھال کے لیے وصول کی جانے والی رقم چوکیداری نظام، مینٹیننس اور جنریٹر کے ڈیزل پر خرچ کی جاتی تھی۔

صدر انجمنِ تاجران سندھ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ گل پلازہ کے بیسمنٹ میں ابتدا میں پارکنگ تھی، تاہم بعد میں وہاں دکانیں قائم کی گئیں۔ ان کے مطابق عمارت میں بیسمنٹ سمیت گراؤنڈ پلس ون کی اجازت تھی، جس کے تحت توسیع کا عمل جاری رہا۔

جاوید قریشی کا مزید کہنا تھا کہ گل پلازہ میں کی جانے والی تمام توسیعات قانونی طریقہ کار کے مطابق کی گئی تھیں۔

Watch Live Public News