ویب ڈیسک: یورپی ملک اسپین کے جنوبی علاقے میں ایک افسوسناک ٹرین حادثہ پیش آیا، جہاں تیز رفتار مسافر ٹرین اچانک پٹری سے بے قابو ہو کر مخالف سمت سے آنے والی ٹرین سے ٹکرا گئی۔ شدید تصادم کے نتیجے میں دونوں ٹرینیں پٹری سے اتر کر الٹ گئیں۔
برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق حادثے میں 21 مسافر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ 100 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے 21 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی ٹرین میڈرڈ سے ہیولوا جا رہی تھی، جس کا ڈرائیور بھی جانبر نہ ہو سکا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت ایک ٹرین میں 300 سے زائد جبکہ دوسری ٹرین میں تقریباً 100 مسافر سوار تھے۔ تصادم اس قدر شدید تھا کہ ٹرین کے ڈبے ایک دوسرے پر چڑھ گئے اور ریلوے ٹریک متعدد مقامات سے اکھڑ گیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں، فائر بریگیڈ اور طبی عملہ فوری طور پر موقع پر پہنچ گیا۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جبکہ ٹرین سروس کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے باضابطہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔