ملائیشیا میں کوئی اسرائیلی شہری پایا گیا تو فوری ملک بدر کیا جائے گا: انور ابراہیم

ملائیشیا میں کوئی اسرائیلی شہری پایا گیا تو فوری ملک بدر کیا جائے گا: انور ابراہیم
کیپشن: ملائیشیا میں کوئی اسرائیلی شہری پایا گیا تو فوری ملک بدر کیا جائے گا: انور ابراہیم

ویب ڈیسک: ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے کہا ہے کہ اگر ملک میں کسی اسرائیلی شہری کی موجودگی ثابت ہوئی تو اسے فوری طور پر ملک بدر کر دیا جائے گا۔

انور ابراہیم کے مطابق حکام جنوبی ریاست جوہر میں ایک نجی رہائشی کمیونٹی کی سرگرمیوں میں مبینہ طور پر اسرائیلی شہریوں کی شمولیت سے متعلق الزامات کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ ملائیشیا کے وزیراعظم نے کہا کہ متعلقہ ادارے معاملے کی مکمل چھان بین کر رہے ہیں اور اگر الزامات درست ثابت ہوئے تو حکومت کسی قسم کی نرمی نہیں برتے گی۔

انہوں نے کہا کہ "اگر ہمیں کوئی اسرائیلی شہری ملا تو اسے فوری طور پر ڈی پورٹ کر دیا جائے گا، کیونکہ ملائیشیا اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا۔"

ترک میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ملائیشیا اسرائیلی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو عمومی طور پر داخلے کی اجازت نہیں دیتا، کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات قائم نہیں ہیں۔ تاہم خصوصی اجازت کی صورت میں بعض افراد کو استثنیٰ دیا جا سکتا ہے۔

یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب جوہر کی ریاستی حکومت نے ’نیٹ ورک اسکول‘ نامی ایک اسٹارٹ اپ کمیونٹی سے متعلق سامنے آنے والے الزامات پر وفاقی حکومت سے تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ اس کے بعد ملائیشیا کی وزارت داخلہ نے اس معاملے کی باقاعدہ انکوائری شروع کر دی۔

Watch Live Public News