ویب ڈیسک: جمعیت علمائے اسلام ( جے یو آئی) کے سینئر رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی مولانا محمد یوسف انتقال کر گئے۔ وہ گزشتہ چند دنوں سے اسلام آباد کے ایک اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق مرحوم کی نمازِ جنازہ آج سہ پہر 3 بجے جامعہ اشاعت الاسلام بٹگرام میں ادا کی جائے گی۔
مولانا محمد یوسف کا تعلق ضلع بٹگرام سے تھا اور وہ جمعیت علمائے اسلام کے ٹکٹ پر 2002 اور 2013 میں قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ وہ دینی و سیاسی حلقوں میں ایک نمایاں اور متحرک شخصیت کے طور پر جانے جاتے تھے۔
مرحوم دارالعلوم اشاعت الاسلام کے مہتمم بھی تھے اور دینی تعلیم کے فروغ میں ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔ جے یو آئی کی قیادت اور کارکنوں نے ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اہلِ خانہ سے تعزیت کی ہے۔