گل پلازہ سانحہ: سندھ حکومت کا جاں بحق افراد کیلئے فی کس 1 کروڑ دینے کا اعلان

گل پلازہ سانحہ: سندھ حکومت کا جاں بحق افراد کیلئے فی کس 1 کروڑ دینے کا اعلان
کیپشن: گل پلازہ سانحہ: سندھ حکومت کا جاں بحق افراد کیلئے فی کس 1 کروڑ دینے کا اعلان

 ویب ڈیسک: سندھ حکومت کا گل پلازہ سانحے میں جاں بحق افراد کےلیے فی کس 1 کروڑ دینے کا اعلان۔

 گل پلازا میں لگنے والی آگ کے بعد منعقدہ خصوصی اجلاس کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بتایا کہ جاں بحق افراد کے ورثاء کو امدادی رقم فراہم کرنے کا عمل کل سے شروع ہو جائے گا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ سانحہ گل پلازا ایک بہت بڑا حادثہ ہے، جس میں فائر فائٹرز اور ریسکیو عملہ تین مختلف مقامات سے عمارت کے اندر جانے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جاں بحق افراد کی تعداد 15 ہو چکی ہے، جب کہ 65 افراد ابھی تک لاپتہ ہیں، اور ان کی تلاش کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ 40 فیصد عمارت گرچکی، باقی مخدوش ہوگئی ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس حادثے کی تحقیقات کے لیے کمشنر کراچی کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے، اور لاہور کی فرانزک لیب سے بھی مدد لی جائے گی تاکہ واقعے کی حقیقت معلوم کی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی نے کوتاہی کی تو اسے سزائیں دی جائیں گی۔

مراد علی شاہ نے یہ بھی بتایا کہ 2024 میں کراچی کی 145 عمارتوں کا فائر آڈٹ کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ کراچی کے گل پلازا میں لگنے والی آگ کو 33 گھنٹے بعد مکمل طور پر بجھا دیا گیا، اور جلی ہوئی عمارت سے مزید 5 افراد کی لاشیں نکالی گئیں، جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد15 ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ 22 زخمی زیرِ علاج ہیں۔

چیف فائر افسر کے مطابق پلازا کی کولنگ کا عمل جاری ہے، اور عمارت میں پھنسے کسی شخص کی موجودگی کے امکان کے پیش نظر، فائر فائٹرز کٹر اور ہتھوڑوں کی مدد سے عمارت میں داخل ہو کر ریسکیو آپریشن کر رہے ہیں۔

Watch Live Public News