(ویب ڈیسک ) کراچی پولیس کی مبینہ غفلت و لاپروائی کے باعث ایک اور زیرحراست ملزم فرار ہوگیا۔
16 جولائی کو ڈیفنس کے بیوٹی پارلر میں فائرنگ سے خاتون ڈپٹی کمشنر کا سیکیورٹی گارڈ شدید زخمی ہوا تھا ۔ پولیس نے سیکیورٹی گارڈ پر فائرنگ کرنے والے پارلر مالک کو گرفتار کیا تھا۔
گزشتہ روز انوسٹیگیشن پولیس گرفتار ملزم کو عدالتی حکم پر جیل لے کر جارہی تھی کہ سینٹرل جیل کے باہر کار میں ملزم کی فیملی آئی جس پر ملزم نے ان سے ملاقات کی خواہش کی۔ زیر حراست ملزم کو جیل لے جانے والے انسپکٹر اور ہیڈ کانسٹیبل نے ملزم کو فیملی سے ملاقات کی اجازت دی جیسے ہی اہلکار قریبی دکان پر فوٹو اسٹیٹ کرانے گیا تو ملزم موقع پاکر فیملی کے ساتھ فرار ہوگیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ غفلت و لاپرواہی کے مرتکب پولیس انسپکٹر اور ہیڈ کانسٹیبل کو گرفتار کرلیا گیا ہے،گرفتار پولیس افسر اور اہلکار کے خلاف تھانہ جمشید کوارٹر میں مقدمہ درج کیا گیا ہے جبکہ فرار ملزم کی تلاش میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں نوجوان گولڈ میڈلسٹ اتقاء معین کو دوران ڈکیتی قتل کرنے والا ملزم بھی پولیس حراست سے فرار ہوگیا تھا ۔
واضح رہے کہ بدر کمرشل پر واقع ایک خواتین کے بیوٹی پارلر میں سنیا شیخ اور بیوٹی پارلر انتظامیہ کے درمیان بالوں کے کلر پر تلخ کلامی ہوئی تھی۔
سنیا شیخ نے بیوٹی پارلر انتظامیہ سے مطالبہ کیا تھا کہ ان کے بالوں پر جو کلر کیا جا رہا ہے اس کی تفصیلات انہیں بتائی جائیں، اور کلر کس برانڈ کا ہے اس کی پیکنگ بھی دکھائی جائے، اس معاملے پر بیوٹی پارلر پر کام کرنے والی خاتون اور سرکاری افسر سنیا شیخ کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔
بیوٹی پارلر پر کام کرنے والی خاتون نے اس بارے میں اپنے پارلر کے مالک کو آگاہ کیا اور مالک کے آنے پر بات مزید بڑھ گئی۔
سنیا شیخ نے صورتحال بگڑتی دیکھ کر مددگار 15 پولیس پر شکایت کی، اور پولیس کو طلب کیا۔
اسی دوران سنیا شیخ نے اپنی بہن کو پارلر بلوایا، دونوں بہنیں پارلر میں تھیں اور اس دوران اُن کا بھائی اپنے محافظوں کے ہمراہ پارلر پہنچا جہاں بات مزید بگڑی۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں سنیا شیخ کے بھائی کا محافظ زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔
کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس کے ایک بیوٹی پارلر میں خاتون کے بالوں پر کلر کرنے پر جھگڑے میں فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہو گیا۔
درخشاں پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس بندر کمرشل پر واقع ایک بیوٹی پارلر میں ایک سرکاری ادارے میں تعینات ڈپٹی کمشنر سنیا شیخ کی جانب سے مقدمہ درج کرایا گیا ہے، جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ بیوٹی پارلر کے مالک نے معمولی تلخ کلامی پر فائرنگ کرکے ان کے بھائی کے محافظ کو زخمی کر دیا ہے۔