ایف بی آر اختیارات کیخلاف ہڑتال کی کال پرتاجر برادری تقسیم

ایف بی آر اختیارات کیخلاف ہڑتال کی کال پرتاجر برادری تقسیم
کیپشن: ایف بی آر اختیارات کیخلاف ہڑتال کی کال پرتاجر برادری تقسیم

ویب ڈیسک: ایف بی آر کو دیے گئے وسیع اختیارات کے خلاف کراچی اور لاہور چیمبر آف کامرس کی اپیل پر ملک کے مختلف شہروں میں آج جزوی ہڑتال کی جا رہی ہے۔ تاہم کاروباری برادری ہڑتال کے معاملے پر تقسیم نظر آتی ہے، جس کے باعث متعدد مارکیٹیں کھلی رہنے کا امکان ہے۔

کراچی میں حکومت اور کراچی چیمبر کے درمیان مذاکراتی ڈیڈ لاک تاحال ختم نہیں ہو سکا کیونکہ حکومت تاجروں کو تحریری ضمانت دینے سے گریزاں ہے۔ شہر کے بڑے تجارتی مراکز جیسے جوڑیا بازار، فروٹ و سبزی منڈی، صرافہ بازار، لائٹ ہاؤس اور الیکٹرانکس مارکیٹ میں کاروباری سرگرمیاں معطل ہیں۔

دوسری طرف کراچی چیمبر اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس کے درمیان اختلافات ابھر کر سامنے آئے ہیں۔ فیڈریشن کے صدر عاطف اکرام شیخ نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت سے مذاکرات کامیاب ہو چکے ہیں اور ہڑتال کی ضرورت نہیں رہی۔

لاہور میں بھی انجمن تاجران اور مختلف تاجر تنظیموں کی کال پر کئی کاروباری مراکز بند ہیں جن میں اکبری منڈی، غلہ منڈی، بادامی باغ آٹو پارٹس مارکیٹ، شاہ عالم مارکیٹ، لوہاری، برانڈرتھ روڈ اور دیگر ہول سیل مارکیٹیں شامل ہیں۔

پاکستان اسٹیل ٹریڈرز ایسوسی ایشن اور پیپر مارکیٹ گنپت روڈ نے بھی مکمل ہڑتال کی اپیل کی ہے، جب کہ مال روڈ پر ٹیکسٹائل تاجروں کی جانب سے کاروبار معطل رکھا گیا ہے۔

تاہم شہر کی بڑی ریٹیل مارکیٹس اور برانڈ آؤٹ لیٹس کھلی رہنے کا امکان ہے، جب کہ زیادہ تر تھوک بازاروں میں بندش دیکھی جا رہی ہے۔

فیصل آباد چیمبر نے پہلے دی گئی ہڑتال کی کال واپس لے لی ہے۔

تاجر برادری کا مطالبہ ہے کہ ایف بی آر کے اختیارات کو محدود کیا جائے اور کاروباری طبقے کو ہراساں کرنے کا سلسلہ فوری بند کیا جائے، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔

Watch Live Public News