ویب ڈیسک: ملک بھر میں مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ (اسپیل) کل سے شروع ہونے جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں تیز بارشوں اور آندھی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی ان علاقوں میں کہیں کہیں بارش متوقع ہے۔ پنجاب کی پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) نے تمام ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے جبکہ دریائے سندھ کے کئی مقامات پر نچلے سے درمیانے درجے کے سیلاب کی کیفیت پیدا ہو چکی ہے۔
پنجاب میں شدید بارشوں کا الرٹ
پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق 20 سے 25 جولائی کے دوران لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ، جھنگ، ڈیرہ غازی خان، ملتان، اور دیگر اضلاع میں بارشیں متوقع ہیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے خبردار کیا ہے کہ چشمہ کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔
پپلاں میں پانی داخل، فصلیں تباہ، 223 افراد ریسکیو
کالاباغ کے قریب دریائے سندھ کا پانی کمر مشانی، چھینہ پوڑا، کچہ گجرات اور دیگر دیہی علاقوں میں داخل ہو چکا ہے، جہاں ہزاروں ایکڑ فصلیں زیر آب آ گئیں۔ ریسکیو ٹیموں نے اب تک 223 افراد اور 162 مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے۔
کراچی میں ہلکی بارش کی پیشگوئی
شہرِ قائد میں موسم ابر آلود ہے اور ہلکی بارش متوقع ہے۔ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ نمی کا تناسب 72 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سمندری ہوائیں جنوب مغرب سے 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں بارش کا امکان
چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، ایبٹ آباد، شانگلہ، کوہستان اور مانسہرہ سمیت کئی علاقوں میں بارش متوقع ہے۔ مالم جبہ میں کم ترین درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کالام میں 17 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
بلوچستان کے کچھ علاقوں میں موسلادھار بارش متوقع
بارکھان، موسیٰ خیل، ژوب، سبی اور لورالائی سمیت بلوچستان کے کئی اضلاع میں موسلادھار بارش کی پیشگوئی ہے، جبکہ سبی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41، نوکنڈی میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پنجاب میں 123 ہلاکتیں، 462 زخمی، 150 عمارتیں متاثر
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون سیزن کے دوران پنجاب میں مختلف حادثات کے نتیجے میں اب تک 123 افراد جاں بحق اور 462 زخمی ہوئے، جبکہ 150 عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔ اموات کی وجوہات میں آسمانی بجلی، کرنٹ لگنا، ڈوبنا اور خستہ حال مکانات کا گرنا شامل ہیں۔
پی ڈی ایم اے اور متعلقہ اداروں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بارشوں کے دوران دریاؤں، ندی نالوں اور خطرناک مقامات کے قریب جانے سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورت میں ریسکیو 1122 سے فوری رابطہ کریں۔