دریائے چناب، جہلم، راوی اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں  سیلاب کی  وارننگ جاری

دریائے چناب، جہلم، راوی اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں  سیلاب کی  وارننگ جاری

(ویب ڈیسک ) پی ڈی ایم اے پنجاب  نے دریائے چناب، جہلم، راوی اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں   سیلاب کی   وارننگ جاری کردی۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کا کہنا ہےکہ 20 سے 24 جولائی کے دوران پنجاب کے دریاؤں میں پانی کی صورتحال میں اضافے کا خدشہ ہے ۔

دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر نچلے سے اونچے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری کردی گئی۔ دریائے راوی اور چناب سے ملحقہ نالوں بہیں، بسنتر، ڈیگ، ایک، پلکھو، بھمبر، ہلسی اور ڈورا میں بھی سیلاب کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ڈیرہ غازی خان کے رود کوہیوں میں فلیش فلڈنگ کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ لاہور، گجرانوالہ، سیالکوٹ، سرگودھا ،اوکاڑہ ،ساہیوال ،بہاولنگر اور راولپنڈی ڈویژن میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

صوبہ بھر کے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور واسا حکام کو ممکنہ صورتحال سے متعلق الرٹ جاری کیا گیا ہے۔پی ڈی ایم اے  نے ریسکیو 1122 کو تمام تر انتظامات پیشگی مکمل کرنے کی ہدایات کی ہے۔ لوکل گورنمنٹ، محکمہ زراعت، محکمہ آبپاشی، محکمہ صحت، محکمہ جنگلات، لائیو اسٹاک اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر عباس میلہ  نے متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات کی ہیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے پیش نظر تمام تر انتظامات پیشگی مکمل کریں،ایمرجنسی کنٹرول رومز میں سٹاف کو الرٹ رکھا جائے۔ ریسکیو 1122 کی ڈائزاسٹر رسپانس ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ رکھا جائے۔ریسکیو آپریشن کے لیے پٹرول و ڈیزل کا اسٹاک وافر مقدار میں ہونا چاہیے۔

ڈی جی عمر عباس میلہ کا کہنا ہے کہ عوام الناس کو موجودہ صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھا جائے۔دریاؤں کے پاٹ میں موجود مکانوں اور مویشیوں کے انخلاء کو یقینی بنائیں۔فلڈ ریلیف کیمپس میں خوراک،  پینے کے صاف پانی و دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔عوام جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔ہنگامی انخلاء کی صورت میں انتظامیہ سے تعاون کریں ۔حکومت پنجاب آپکا اور آپکے مال مویشیوں کا پوری طرح سے خیال رکھے گی۔

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ شہری ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں ۔

Watch Live Public News