ویب ڈیسک: ایران کے بیلسٹک میزائل حملے میں اسرائیل کا اہپتال شدید متاثر، 50 سے زائد افراد زخمی ہوئے جبکہ جانی نقصان کی اطلاعات بھی ہیں۔
ایران کی جانب سے جمعرات کی صبح اسرائیلی شہر بیئرشیوا میں واقع سوروکا میڈیکل سینٹر پر بیلسٹک میزائل حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں ہسپتال کو شدید نقصان پہنچا۔ حملے کے بعد اسرائیل کے مختلف شہروں میں فضائی حملے کے سائرن بجنے لگے۔
اسرائیلی دفاعی افواج (IDF) کے مطابق جمعرات کی صبح 7:03 بجے ایران کی سرزمین سے 20 سے 30 بیلسٹک میزائل داغے گئے۔ یہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران ایران کی جانب سے کیا جانے والا سب سے بڑا میزائل حملہ قرار دیا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق کم از کم سات مقامات پر میزائل گرے جن میں تین مقامات تل ابیب کے علاقے گوش دان میں جبکہ ایک میزائل بیئرشیوا کے سوروکا ہسپتال پر گرا جس سے ہسپتال کی پرانی سرجیکل عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔
تاحال مختلف مقامات پر 50 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر ہسپتال کے مریضوں اور عملے کو محفوظ مقام پر منتقل کیا، تاہم اس حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد نہیں بتائی گئی۔
اس واقعے پر اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ " ایران کے دہشت گرد آمرانہ حکمرانوں نے بیئرشیوا کے سوروکا اسپتال اور مرکزی اسرائیلی علاقوں میں عام شہریوں کو نشانہ بنایا۔ تہران کے ظالم حکمرانوں کو اس کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔"
ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ ایرانی قوم مسلط کی گئی جنگ کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی اور کسی بھی قسم کے دباؤ کے آگے سر نہیں جھکائے گی۔
ایرانی مسلح افواج نے تصدیق کی کہ یہ حملہ "آپریشن ٹرو پرومس III" کے چودہویں مرحلے کا حصہ تھا جس میں اسرائیلی زیرقبضہ علاقوں، بشمول تل ابیب، پر بیلسٹک میزائلوں کی شدید بارش کی گئی۔