ویب ڈیسک: امریکا نے ایرانی بندرگاہوں پر عائد بحری ناکہ بندی ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کی تصدیق امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے بھی کر دی۔
سینٹکام کے مطابق امریکی افواج نے صدر ٹرمپ کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے ناکہ بندی سے متعلق تمام اقدامات واپس لے لیے ہیں، جس کے بعد ایرانی بندرگاہوں کی جانب بحری آمدورفت دوبارہ بحال ہو گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ خلیج عرب اور خلیج عمان میں جہازوں کی نقل و حرکت پر عائد پابندیاں بھی ختم کر دی گئی ہیں، جبکہ امریکی فوج نے بحری ناکہ بندی سے متعلق تمام کارروائیاں روک دی ہیں۔
سینٹکام کا کہنا ہے کہ امریکی بحریہ کے جہاز معاہدے پر مؤثر عمل درآمد کی نگرانی کے لیے خطے میں موجود رہیں گے۔ امریکا نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ معاہدے کی تمام شقوں پر مکمل اور شفاف عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔
دوسری جانب پاکستان کی ثالثی میں امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والی ’’اسلام آباد مفاہمتی یادداشت‘‘ پر عمل درآمد کا آغاز بھی ہو چکا ہے، جسے خطے میں کشیدگی میں کمی اور سفارتی پیش رفت کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔