ویب ڈیسک: بین الاقوامی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی اور مشرقِ وسطیٰ میں جغرافیائی و سیاسی کشیدگی میں کمی کے بعد پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت 20 جون سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مجموعی طور پر 55 روپے فی لیٹر تک کمی پر غور کر رہی ہے۔ وزارتِ خزانہ کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں 20 روپے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 36 روپے فی لیٹر کمی کی تجویز زیرِ غور ہے، تاہم ساتھ ہی پیٹرولیم لیوی میں اضافے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
اگر یہ تجویز منظور ہو جاتی ہے تو ملک بھر کے صارفین کو پیٹرول پمپوں پر گزشتہ کئی ماہ کے مقابلے میں نمایاں ریلیف ملے گا، جس سے ٹرانسپورٹ اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر بھی مثبت اثرات مرتب ہونے کی توقع ہے۔
واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی دیکھی جا رہی ہے، جس کے اثرات عالمی توانائی مارکیٹ کے ساتھ ساتھ پاکستان کی مقامی ایندھن قیمتوں پر بھی پڑنے کا امکان ہے۔