ویب ڈیسک: سابق وفاقی وزیر اور سینیٹر نیلوفر بختیار نے پاکستان مسلم لیگ (ق) میں شمولیت اختیار کر لی ہے، جسے پارٹی کے لیے ایک اہم سیاسی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
اس سلسلے میں مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر ایک شمولیتی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں پارٹی کی مرکزی قیادت نے نیلوفر بختیار کا پرتپاک استقبال کیا۔
تقریب میں پارٹی رہنماؤں نے نیلوفر بختیار کی سیاسی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی شمولیت کو جماعت کے لیے نیک شگون قرار دیا۔
اس موقع پر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) کے دروازے تمام سیاسی اور سماجی شخصیات کے لیے کھلے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کا بنیادی مقصد پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور سیاسی استحکام کے لیے کردار ادا کرنا ہے۔
نیلوفر بختیار کی مسلم لیگ (ق) میں شمولیت کو سیاسی حلقوں میں اہمیت کی نظر سے دیکھا جا رہا ہے، جبکہ اس پیش رفت سے پارٹی کی سیاسی سرگرمیوں میں مزید تیزی آنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔