(ویب ڈیسک ) بحر الکاہل کا درجۂ حرارت بڑھنے سے ال نینو فعال ہوگیا، سپارکو کی جانب سے الرٹ جاری کردیا گیا۔
اس حوالےسے سپارکو کا کہنا ہے کہ یہ موسمی رحجان پاکستان کے موسم کو متاثر کر سکتا ہے، بحر الکاہل کے وسطی اور مشرقی حصوں میں درجۂ حرارت معمول سے کافی زیادہ ہے۔
الرٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں رواں سال کے مون سون اور سردیوں میں موسمی پیٹرن متاثر ہونے کا امکان ہے۔
جنوب مشرقی ایشیا، آسٹریلیا، بھارت اور افریقا کے کچھ حصوں میں خشک سالی کا خدشہ ہے، جنوبی امریکا اور مشرقی افریقا کے کچھ علاقوں میں زیادہ بارشوں کی توقع ہے۔
سپارکو کے مطابق پاکستان میں کمزور مون سون بارشیں ہو سکتی ہیں، یہاں سردیوں میں نسبتاً زیادہ درجۂ حرارت رہ سکتا ہے، بہار اور گرمیوں میں ہیٹ ویوز کے امکانات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
الرٹ میں کہا گیا ہے کہ ال نینو کے اثرات زرعی شعبے اور آبی وسائل کو متاثر کر سکتے ہیں۔