(ویب ڈیسک ) محکمہ موسمیات پاکستان نے ملک بھر کے موسم کی تازہ ترین صورتحال جاری کر دی ہے، جس کے مطابق ملک کے بیشتر حصوں پر اس وقت براعظمی ہوائیں اثر انداز ہیں، جس کے نتیجے میں بیشتر میدانی اضلاع میں موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 48 گھنٹوں کی تفصیلی پیشگوئی درج ذیل ہے:
آج ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم خشک رہے گا، تاہم شمالی پہاڑی اضلاع میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔
کل بروز منگل زیادہ تر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، جبکہ شمالی پہاڑی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور حبس زدہ رہا، تاہم بالائی خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے علاقے بارکھان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بادل برسے ہیں ۔بلوچستان کے علاقےبارکھان میں سب سے زیادہ 02 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ،خیبر پختونخوا کے علاقے کالام اور دروش میں 01 ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ گلگت بلتستان کے علاقے بابوسر کے مقام پر 01 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز سب سے زیادہ گرمی صوبہ بلوچستان اور سندھ میں محسوس کی گئی، جہاں سبی اور دادو میں پارہ 42 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ تربت میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔