(ویب ڈیسک ) سپریم کورٹ آف پاکستان میں خصوصی اینٹی کرپشن ہاٹ لائن قائم کردی گئی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ میں رشوت طلب کرنے پر شکایت درج کروائی جا سکتی ہے،شکایات کنندہ وٹس ایپ نمبر 03264442444 اپنی شکایات درج کروا سکتے ہیں ۔ سپریم کورٹ میں فوری انصاف کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ پانچ ماہ میں 7633 نئے مقدمات کا اندراج ،11779 مقدمات نمٹائے گئے، نئے ججز کے آنے کے بعد مقدمات کے فیصلوں میں مزید تیزی آئے گی، جو مقدمات سپریم کورٹ میں زیر التواء انہیں جلد میرٹ پر نمٹایا جائے گا، کوئی سرکاری یا غیر سرکاری شخص مقدمہ مقرر کرنے ،نقل کے حصول یا عدالت سے متعلقہ کسی کام پر رشوت طلب کرنے پر اطلاع کریں، اطلاع دینے والے کا نام خفیہ رکھا جائے گا۔
اعلامیے میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کا پیغام بھی شامل ہے۔ چیف جسٹس نے پیغام میں کہا کہ میں جسٹس یحییٰ آفریدی آپ سے مخاطب ہوں، نظامِ عدل اور بلخصوص سپریم کورٹ میں تیز ترین انصاف کی فراہمی میری اولین ترجیح ہے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ میں ضروری سمجھتا ہوں کہ آپ کو یقین دلاؤں، اگر آپ کا کوئی مقدمہ سپریم کورٹ میں دائر ہے تو اس کا فیصلہ بہت جلد میرٹ کی بنیاد پر ہو جائے گا۔