پاکستانی میزائل پروگرام سے متعلق امریکا کے ڈائریکٹر برائے قومی انٹیلی جنس کے بیان پر پاکستان کا ردِعمل آگیا

پاکستانی میزائل پروگرام سے متعلق امریکا کے ڈائریکٹر برائے قومی انٹیلی جنس کے بیان پر پاکستان کا ردِعمل آگیا

(ویب ڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی  کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک امریکی عہدیدار کی جانب سے پاکستان کی میزائل صلاحیتوں سے ممکنہ خطرے سے متعلق حالیہ دعوے کو دوٹوک انداز میں مسترد کرتا ہے۔

پاکستان کے میزائل پروگرام سے متعلق امریکا کے ڈائریکٹر برائے قومی انٹیلی جنس کے بیان پر پاکستان کا ردِعمل آگیا۔

ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی کا کہنا ہے کہ   پاکستان، ایک امریکی عہدیدار کی جانب سے پاکستان کی میزائل صلاحیتوں سے ممکنہ خطرے سے متعلق حالیہ دعوے کو دوٹوک انداز میں مسترد کرتا ہے، اس امر پر زور دیا جاتا ہے کہ پاکستان کی تزویراتی صلاحیتیں خالصتاً دفاعی نوعیت کی حامل ہیں ، جن کا مقصد قومی خودمختاری کا تحفظ اور جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کو برقرار رکھنا ہے۔

  طاہر اندرابی نے کہا کہ   پاکستان کا میزائل پروگرام، جو بین البراعظمی حدِ مار سے کہیں کم ہے،بھارت کے مقابلے میں قابلِ اعتبار کم از کم بازدار قوت  (Credible Minimum Deterrence) کے نظریے پر مضبوطی سے قائم ہے۔

ترجمان دفترخارجہ  کا کہنا ہے کہ  اس کے برعکس، بھارت کی جانب سے 12,000 کلومیٹر سے زائد حدِ مار رکھنے والی میزائل صلاحیتوں کی ترقی ایک ایسے رجحان کی عکاس ہے جو علاقائی سلامتی کے تقاضوں سے آگے بڑھتا ہے اور بلاشبہ خطے اور اس سے باہر کے لیے تشویش کا باعث ہے۔

 ترجمان دفترخارجہ  نے مزید کہا کہ پاکستان، امریکا کے ساتھ باہمی احترام، عدم امتیاز اور حقائق پر مبنی طرزِ عمل کی بنیاد پر تعمیری روابط کے فروغ کے لیے پرعزم ہے، ہم ایک متوازن اور سوچے سمجھے اندازِ نظر کی ضرورت پر زور دیتے ہیں جو جنوبی ایشیا کی تزویراتی ضروریات سے ہم آہنگ ہو اور پورے خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ میں معاون ہو۔

Watch Live Public News