وزیر اعلیٰ سندھ کا قیدیوں کی سزا میں 90 روز کی خصوصی رعایت کا اعلان

وزیر اعلیٰ سندھ کا قیدیوں کی سزا میں 90 روز کی خصوصی رعایت کا اعلان

(ویب ڈیسک)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ  نے قیدیوں کی سزا میں 90 روز کی خصوصی رعایت کا اعلان کردیا۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ کی جیلوں میں قید سزا یافتہ قیدیوں کو عید کے موقع پر سزا میں 90 روز کی معافی دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی، جاسوسی، سبورژن اور ریاست دشمن سرگرمیوں میں ملوث قیدیوں پر رعایت کا اطلاق نہیں ہوگا، قتل، زیادتی اور اغوا برائے تاوان کے سنگین جرائم کے قیدی رعایت سے محروم رہیں گے، ڈکیتی، رہزنی اور مالی غبن کے مقدمات میں سزا یافتہ قیدیوں کو بھی کوئی رعایت نہیں ملے گی،منشیات ایکٹ (نارکوٹکس) اور فارنرز ایکٹ کے تحت سزا پانے والے قیدی اس معافی کے اہل نہیں ہوں گے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے اور مالی بدعنوانی کے قیدیوں کے لیے بھی کوئی رعایت نہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ عمر قید کے قیدیوں کی سزا میں رعایت سے ان کی 15 سالہ کم از کم سزا کی مدت متاثر نہیں ہوگی، سزا میں رعایت کا اطلاق ان قیدیوں پر ہوگا جو جیل قوانین (رول 789) کی شرائط پر پورا اترتے ہوں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی پرزنز کو سزا میں کمی کے احکامات پر فوری عمل درآمد اور رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر عید کے موقع پر قیدیوں کی سزا میں 90 روز کی کمی کا فیصلہ کیا ہے،ہم چاہتے ہیں کہ معمولی جرائم میں ملوث قیدی جلد اپنی سزا مکمل کر کے اپنے پیاروں کے پاس واپس جائیں، سزا میں رعایت کا مقصد قیدیوں کو معاشرے کا ایک بہتر اور کارآمد شہری بننے کا موقع فراہم کرنا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ  عمر قید کے قیدیوں کے لیے عدالتی فیصلوں اور جیل مینوئل پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا،اچھے اخلاق اور جیل کے اندر مثبت رویہ رکھنے والے قیدیوں کی حوصلہ افزائی ہمارا فرض ہے،ہم سندھ کی جیلوں کو محض قید خانہ نہیں بلکہ حقیقی معنوں میں اصلاحی مراکز بنانا چاہتے ہیں۔

Watch Live Public News