چین کا جدید ڈرون 'جیو تیان'، جو 100 خودکش ڈرونز لے جا سکتا ہے

چین کا جدید ڈرون 'جیو تیان'، جو 100 خودکش ڈرونز لے جا سکتا ہے

(ویب ڈیسک ) چین اپنی طاقتور ڈرون 'جیو تیان' کو جون 2025 کے آخر تک پہلے سرکاری مشن پر بھیجنے کی تیاری کر رہا ہے۔ 

'جیو تیان' کو  چینی کمپنی ایوی ایشن انڈسٹری کارپوریشن آف چائنا (AVIC) نے تیار کیا ہے، نومبر 2024 میں ژوہائی ایئر شو میں پہلی بار پیش کیا گیا، جس نے دنیا  کو حیران کر دیا۔

'جیو تیان' ایک عام ڈرون نہیں ہے۔ یہ جیٹ انجن سے چلتا ہے اور 15,000 میٹر (تقریباً 50,000 فٹ) کی بلندی تک پرواز کر سکتا ہے۔ اس کی رینج 7,000 کلومیٹر تک ہے، جس کا مطلب ہے کہ یہ چین کی سرحدوں سے بہت دور تک مشن انجام دے سکتا ہے۔

اس ڈرون کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ یہ ایک ساتھ 100 چھوٹے خودکش  ڈرونز لے جا سکتا ہے اور انہیں فضا سے چھوڑ سکتا ہے۔ اس وجہ سے ماہرین اسے "فلائنگ ڈرون ایئرکرافٹ کیریئر " بھی کہتے ہیں۔ یہ ڈرونز دشمن کے دفاعی نظام کو بھٹکا سکتے ہیں، ریڈار کو خراب کر سکتے ہیں یا ایک ساتھ کئی ہدفوں پر حملہ کر سکتے ہیں۔

'جیو تیان' "سوارمنگ" حکمتِ عملی کے تحت کام کرتا ہے، جس میں ایک ساتھ کئی ڈرونز ہم آہنگ ہو کر حملہ کرتے ہیں، جس سے ان کی کامیابی کے امکانات بڑھ جاتے ہیں ۔

یہ ڈرون کل 6 ٹن تک ہتھیار اور جاسوسی کے آلات  بھی لے جا سکتا ہے۔اس میں 8 بیرونی پوائنٹس بھی ہیں جن پر مختلف قسم کے سینسر، جنگی آلات یا گائیڈڈ میزائل نصب کیے جا سکتے ہیں۔

فوجی استعمال کے علاوہ، چینی دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ 'جیو تیان' کا ڈیزائن بہت لچکدار ہے۔  یہ ڈرون قدرتی آفات میں امداد، سمندری نگرانی اور وسائل کی جانچ جیسے پرامن مشن بھی انجام دے سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ ڈرون چین کی ڈرون جنگی صلاحیتوں میں ایک بڑا قدم ہے اور یہ ظاہر کرتا ہے کہ چین خطے میں خودکار اور AI ( مصنوعی ذہانت) پر مبنی جنگی نظاموں پر زیادہ توجہ دے رہا ہے۔

Watch Live Public News