ویب ڈیسک: پنجاب حکومت نے آٹے کی فروخت کا نیا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت مارکیٹ میں 20 کلو آٹے کے تھیلوں کی فروخت بند کرکے صرف 10 کلو کے تھیلے فراہم کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے گندم اور آٹے کی اسمگلنگ روکنے کے لیے صوبے کی سرحدوں پر نگرانی سخت کرنے کی ہدایت بھی کردی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو اپنے متعلقہ اضلاع میں گندم کی کاشت کے مقررہ اہداف پورے کرنے اور سرکاری اراضی پر گندم کی کاشت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے فیصلہ کیا کہ نمبردار، گھوڑی پال اسکیم اور ’’اپنا کھیت، اپنا روزگار‘‘ اسکیم کے تحت آنے والی تمام اراضی پر گندم کاشت کی جائے گی تاکہ گندم کی پیداوار میں اضافے کے لیے دستیاب زمین کو مؤثر انداز میں استعمال کیا جاسکے۔
وزیراعلیٰ نے رمضان المبارک کے دوران عوام کو پھل کنٹرول نرخوں پر فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے صوبے بھر میں منڈی مارٹس قائم کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔
مریم نواز شریف نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ گندم اور آٹے کی غیر قانونی نقل و حمل اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے سرحدی نگرانی مؤثر بنائی جائے، جبکہ گندم کی کاشت کے اہداف پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ متحرک کردار ادا کرے۔