(ویب ڈیسک ) خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے 9 خوارج جہنم واصل کریدے جبکہ 2 جوان شہید ہوئے ہیں ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے 9 خوارج ہلاک کردیے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ لکی مروت میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کی گئی جس میں 5 بھارتی سرپرست خوارج جہنم واصل کیے گئے۔ بنوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 2 خوارج مارے گئے جبکہ شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سیکیورٹی قافلے پر حملہ ناکام بناتے ہوئے 2 خوارج ہلاک کیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حملے کے دوران 2سپوت سپاہی فرہاد علی طوری اور لانس نائیک صابر آفریدی شہید وطن پر قربان ہوگئے۔شہداء کا تعلق کرم اور کوہاٹ اضلاع سے تھا۔ پاک فوج نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشنز جاری ہے، ہر خارجی کو انجام تک پہنچایا جائے گا، بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملادیے گئے، افواج پاکستان دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، شہداء کی قربانیاں ہمارا حوصلہ اور عزم مزید مضبوط کرتی ہیں۔