اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کو اسلام آباد میں پر امن احتجاج کی اجازت مل گئی ہے، اجازت نامہ 35 شرائط پر جاری کیا گیا ہے۔ اسلام آباد کی انتظامیہ اور پاکستان کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا ہے جس میں انتظامیہ نے 35 شرائط رکھی ہیں۔ انتظامیہ نے علی نواز اعوان کی درخواست پر اجازت دی ہے۔معاہدے کے مطابق ریڈ زون میں جانے کی اجازات نہیں ہو گی، اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ ہے، کسی جماعت کا جھنڈا نظر آتش کرنے کی اجازات نہیں ہو گی ، ریلی کے مقررین کسی شخصیت یا ادارے کے خلاف نفرت انگیز گفتگو نہیں کریں گے۔ معاہدے میں بتایا گیا ہے کہ لاؤڈ سپیکر اور سپیکر کا استعمال مروجہ قانون کے مطابق کیا جائے گا اور ریلی کے منتظمین ہی شرکاء کی چیکنگ اور اندرونی سکیورٹی کے ذمہ دار ہوں گے، کسی بھی خطرے کی صورت میں ریلی کے منتظمین انتظامیہ کو معلومات فراہم کریں گے۔ میونسپل کارپوریشن کے قواعد ضوابط پر بھی عملدار کو یقینی بنایا جائے گا، ایونٹ میں پاکستانی اقدار کی بھی پاسداری کی جائے گی اور شقوں کی خلاف وزری کی صورت میں این او سی منسوخ کر دی جائے گی۔ معاہدے میں مزید کہا گیا ہے کہ معاہدے کی خلاف ورزی پر معاہدہ منسوخ کر دیا جائے گا، پاکستان اور قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف تقریر پر پابندی ہو گی۔