ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پوری قوم کی ذمہ داری ہے کہ وہ جبر کے خلاف باہر نکلیں۔
تفصیلا ت کے مطابق عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ سے منگل کو جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ ’24 نومبر کو بالکل اسی جذبے کے ساتھ باہر نکلیں جیسے آپ تمام چیلنجز کے باوجود آٹھ فروری کو اپنے ووٹ کا حق استعمال کرنے کے لیے نکلے تھے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہمارے ملک میں جمہوریت کے تمام اساسی عناصر قانون کی حکمرانی، شفاف انتخابات اور آزادی اظہار معطل کر دیے گئے ہیں۔ میڈیا سخت سنسر شپ کے تحت ہے۔ ان تمام اقدامات کا مقصد پی ٹی آئی کو کچلنا اور ہماری آواز کو دبانا ہے۔‘
عمران خان نے اپنے بیان میں پارٹی رہنماؤں کی گرفتاریوں اور ان پر تشدد کا ذکر بھی کیا۔ انہوں نے ایک مرتبہ پھر اپنی حکومت کے خلاف امریکی اسسٹنٹ سیکریٹری آف دی سٹیٹ ڈونلڈ لو اور سابق آرمی چیف جنزل باجوہ کے کردار کا حوالہ دیا۔
عمران خان نے کہا کہ ’ہم ملک کی خاطر ہمیشہ بات چیت کے لیے تیار ہیں لیکن ہم نے نگراں حکومت کے ساتھ جب مذاکرات کی بات کی تو انہوں نے فاشزم اور ہمارے لوگوں کو جیلوں میں ڈال کر اس کا جواب دیا۔‘
انہوں نے 24 نومبر کے احتجاج سے متعلق کہا ’ہر ایک اس احتجاج میں شریک ہو۔ اگر کوئی پی ٹی آئی رہنما یا ٹکٹ ہولڈر اس احتجاج میں شامل نہیں ہو سکتا تو وہ پارٹی سے الگ ہو جائے۔ اس اہم وقت میں قوم کسی قسم کا کوئی عذر قبول نہیں کرے گی۔‘
