ویب ڈیسک: امریکی ایوانِ نمائندگان نے بدنام زمانہ جنسی مجرم جیفری ایپسٹین سے متعلق مزید دستاویزات جاری کرنے کے لیے پیش کیا گیا بل بھاری اکثریت سے منظور کر لیا۔ ایوان میں 427 ارکان نے بل کے حق میں جبکہ صرف ایک ریپبلکن رکن، کلے ہیگن، نے مخالفت میں ووٹ دیا۔ بل اب حتمی منظوری کے لیے سینیٹ کو بھیج دیا گیا ہے۔
گزشتہ کئی روز سے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ یہ مؤقف اختیار کیے ہوئے تھے کہ ایپسٹین فائلز سے متعلق قرارداد ڈیموکریٹس کی "توجہ ہٹانے کی کوشش" ہے۔ تاہم ووٹنگ سے قبل ٹرمپ نے اپنے مؤقف میں نرمی دکھاتے ہوئے کہا کہ ہاؤس ریپبلکنز کو فائلز جاری کرنے کے حق میں ووٹ دینا چاہیے، کیونکہ ’’ہمارے پاس چھپانے کے لیے کچھ نہیں‘‘۔
ڈیموکریٹس کی جانب سے جاری کردہ 20 ہزار سے زائد صفحات پر مشتمل ایپسٹین دستاویزات میں یہ دعویٰ سامنے آیا تھا کہ ٹرمپ مبینہ طور پر ایپسٹین کے جنسی استحصال اور دیگر جرائم سے آگاہ تھے۔
ٹرمپ مسلسل اس بات کی تردید کرتے آ رہے ہیں کہ ان کا ایپسٹین کے کسی بھی غیر قانونی عمل، بشمول کم عمر لڑکیوں کے جنسی استحصال یا اسمگلنگ، سے کوئی تعلق رہا ہے۔
واضح رہے کہ جیفری ایپسٹین کو نوعمر لڑکیوں کے جنسی استحصال اور اسمگلنگ کا مجرم قرار دیا گیا تھا۔