ویب ڈیسک: پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کیلئے راولپنڈی میں سیکیورٹی اور ٹریفک کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ ٹیسٹ میچ کیلئے سیکیورٹی اور ٹریفک پلان جاری کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ راولپنڈی پولیس کے 5500 سے زائد اہلکار سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں، 367 سے زائد اہلکار ٹریفک مینجمنٹ کیلئے ڈیوٹی پر مامور ہیں۔
سی پی او کے مطابق سینیئر افسران فیلڈ میں تعینات اہلکاروں کو چیک اور بریف کریں گے، چھت پر اسنائپرز تعینات کیے گئے ہیں، سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی کی جارہی ہے جس کیلئے الگ کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اسٹیڈیم کے اطراف میں ایلیٹ اور ڈولفن سکواڈ گشت کریں گے۔ شہریوں کی سہولت کیلئے ٹریفک کے موثر انتظامات کیے گئے ہیں، پاک جنوبی افریقہ ٹیسٹ میچ کیلئے فول پروف سکیورٹی اور ٹریفک کے انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا دوسرا اور آخری میچ 20 اکتوبر سے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
راولپنڈی ٹیسٹ کیلئے دونوں ٹیمیں لاہور سے اسلام آباد پہنچ گئی ہیں، کرکٹرز آج سے اسلام آباد میں پریکٹس کریں گے۔
ٹیسٹ سیریز کے دوران تماشائیوں کا اسٹیڈیم میں داخلہ مفت ہوگا، کرکٹ شائقین اسٹیڈیم کے چاروں انکلوژرز سے مفت میچ دیکھ سکیں گے۔