ویب ڈیسک: جنوبی افریقہ کیخلاف دوسرے ٹیسٹ کیلئے پاکستان کی پلیئنگ الیون فائنل کرلی گئی۔ ٹیم میں ایک تبدیلی متوقع ہے۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق دوسرے ٹیسٹ میں حسن علی کی جگہ آصف آفریدی کی پلیئنگ الیون میں شامل کیا جائے گا۔ جنوبی افریقہ کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان ٹیم میں 1 فاسٹ بولر،3 اسپنرز اور7 بیٹرز شامل ہونگے۔ اس کےعلاوہ فائنل الیون میں عبداللّٰہ شفیق، امام الحق، شان مسعود، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان علی آغا، شاہین آفریدی اور نعمان علی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرا میچ کل کھیلا جائے گا۔ میزبان پاکستان کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ قومی ٹیم نے پہلا ٹیسٹ ترانوے رنز سے جیتا تھا۔
یاد رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کیلئے راولپنڈی میں سیکیورٹی اور ٹریفک کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے میچ کے حوالے سے سیکیورٹی اور ٹریفک پلان پر بات کرتے ہوئے کہا راولپنڈی پولیس کے 5500 سے زائد اہلکار سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں، 367 سے زائد اہلکار ٹریفک مینجمنٹ کیلئے ڈیوٹی پر مامور ہیں۔
سی پی او کے مطابق سینیئر افسران فیلڈ میں تعینات اہلکاروں کو چیک اور بریف کریں گے، چھت پر اسنائپرز تعینات کیے گئے ہیں، سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی کی جارہی ہے جس کیلئے الگ کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اسٹیڈیم کے اطراف میں ایلیٹ اور ڈولفن سکواڈ گشت کریں گے۔ شہریوں کی سہولت کیلئے ٹریفک کے موثر انتظامات کیے گئے ہیں، پاک جنوبی افریقہ ٹیسٹ میچ کیلئے فول پروف سکیورٹی اور ٹریفک کے انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
راولپنڈی ٹیسٹ کیلئے دونوں ٹیمیں لاہور سے اسلام آباد پہنچ گئی ہیں، کرکٹرز آج سے اسلام آباد میں پریکٹس کریں گے۔
ٹیسٹ سیریز کے دوران تماشائیوں کا اسٹیڈیم میں داخلہ مفت ہوگا، کرکٹ شائقین اسٹیڈیم کے چاروں انکلوژرز سے مفت میچ دیکھ سکیں گے۔