پاک انگلینڈ ٹی 20 سیریز کیلئے پارکنگ اور ٹریفک پلان جاری

پاک انگلینڈ ٹی 20 سیریز کیلئے پارکنگ اور ٹریفک پلان جاری
کراچی : پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 20 ستمبر 2022 سے شروع ہونے والے ٹی ٹوئنٹی میچز کے سلسلے میں ٹریفک پولیس کراچی کی جانب سے شہریوں کیلئے پارکنگ اور متبادل راستوں کے لیے پلان جاری کر دیا گیا ہے۔

عوام کے لیے پارکنگ انتظامات :

کراچی شہر کے مختلف علاقوں سے نیشنل اسٹیڈیم آنے والے شائقین جن کے پاس میچ کے ٹکٹ ہوں گے ان کے لیے ایکسپو سینٹر میں پارکنگ کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ پارکنگ کرنے کے لیے اصل شناختی کارڈ و میچ کا ٹکٹ دکھانا لازمی ہوگا۔

پارکنگ کے مقامات اور ان کے راستے

نیشنل کوچنگ سینٹر (چائنا گراؤنڈ) پارکنگ برائے میڈیا:

کارساز سے آنے والے میڈیا حضرات حبیب ابراہیم رحمت اللّٰہ روڈ، اسٹیڈیم فلائی اوور کے نیچے سے ہوتے ہوئے سر شاہ سلیمان روڈ پر مذکورہ بالا مقام پر اپنی گاڑی پارک کریں گے۔ ملینیئم سے آنے والے میڈیا کے حضرات اسٹیڈیم روڈ (پیر صبغت اللّٰہ شاہ راشدی روڈ) سے ہوتے ہوئے اسٹیڈیم فلائی اوور کے نیچے سے دائیں جانب سر شاہ سلیمان روڈ پر مذکورہ بالا مقام پر اپنی گاڑی پارک کر سکیں گے۔ نیو ٹاؤن سے آنے والے میڈیا حضرات اسٹیدیم روڈ (پیر صبغت اللّٰہ شاہ راشدی روڈ) سے ہوتے ہوئے، آغا خان اسپتال کے بعد بائیں جانب سر شاہ سلیمان روڈ پر مذکورہ بالا مقام پر اپنی گاڑی پارک کریں۔

ایکسپو سینٹر (پارکنگ برائے شائقین) :

ضلع وسطی (سینٹرل) اور غربی (ویسٹ) کے رہائشی براستہ لیاقت آباد نمبر 10، حسن اسکوائر سے ایکسپو سینٹر میں اپنی گاڑی / موٹر سائیکل پارک کریں۔ جہاں سے بذریعہ شٹل سروس انہیں نیشنل اسٹڈیم لے جایا جائے گا۔ اسی طرح نیو کراچی، فیڈرل بی ایریا اور گلشن اقبال کے رہائشی براستہ نیپا درج بالا مقام پر اپنی گاڑی / موٹر سائیکل پارک کریں۔ ایسٹ (شرقی) ملیر اور کورنگی کے رہائشی شارع فیصل ڈرگ روڈ، ملینیم، نیپا سے ہوتے ہوئے درج بالامقام پر اپنی گاڑی / موٹر سائیکل پارک کریں۔ جہاں سے بذریعہ شٹل سروس انہیں نیشنل اسٹیڈیم لے جایا جائے گا۔ ضلع ساؤتھ (جنوبی)، سٹی کے رہائشی شارع فیصل یا پی پی چورنگی، جیل روڈ سے ہوتے ہوئے درج بالا مقام پر اپنی گاڑی / موٹر سائیکل پارک کریں۔ جہاں سے بذریعہ شٹل سروس انہیں نیشنل اسٹڈیم لے جایا جائے گا۔

بندر روڈ اور متبادل راستے

حسن اسکوائر فلائی اوور:

لیاقت آباد سے براستہ حسن اسکوائر فلائی اوور نیشنل اسٹیڈیم روڈ کسی بھی قسم کی ٹریفک کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ تمام ٹریفک یونیورسٹی کا راستہ اختیار کر کے اپنی منزل کی جانب جا سکیں گی۔ یونیورسٹی روڈ سے ایکسپو ٹریننگ کی جانب اسٹیڈیم روڈ عام پبلک کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ اسٹیڈیم روڈ سے حسن اسکوائر کی جانب ٹریفک معمول کے مطابق چلتی رہے گی۔

ہیوی ٹریفک :

سہراب گوٹھ سے جانب نیپا۔لیاقت آباد نمبر 10 سے جانبِ حسن اسکوائر۔ پی پی چورنگی سے جانبِ یونیورسٹی روڈ۔ کارساز سے اسٹیڈیم۔ ملینیم تا نیو ٹاؤن، اسٹیڈیم سگنل تا حسن اسکوائر ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہوگا۔ کراچی ٹریفک پولیس کی جانب سے عوام الناس سے گزارش کی گئی ہے کہ زحمت و پریشانی سے بچنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ٹریفک پولیس سے تعاون کریں۔ درج بالا ہدایات پر عمل کریں، اپنی گاڑیوں / موٹر سائیکلوں کو کسی سروس روڈ یا مین روڈ پر کھڑی نہ کریں بلکہ دیے گئے پارکنگ مقامات پر ہی پارک کریں۔ کسی بھی پریشانی کی صورت میں رہنمائی کے لیے ٹریفک پولیس نمبر 1915 ملائیں جہاں ٹریفک پولیس کا نمائندے آپ کی رہنمائی کے لیے موجود ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔