ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ برطانیہ کے دو روزہ سرکاری دورے کے بعد وطن واپس روانہ ہوگئے۔ روانگی سے قبل انہوں نے اپنے خصوصی طیارے میں میڈیا سے گفتگو کی جس میں لندن کے میئر صادق خان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ انہوں نے شاہی ضیافت میں صادق خان کو مدعو نہ کرنے کی درخواست کی تھی کیونکہ وہ عرصہ دراز سے انہیں پسند نہیں کرتے۔ ان کے بقول، میئر لندن نے ونزر کاسل میں ہونے والے شاہی عشائیے میں شرکت کی خواہش ظاہر کی تھی مگر صدر ٹرمپ کی مخالفت پر انہیں مدعو نہیں کیا گیا۔
???? TRUMP DOUBLES DOWN ON SADIQ KHAN NOT BEING AT STATE BANQUET
— Starmer Sycophant (@sirwg202110) September 18, 2025
“I didn’t want him there.”
Perfect. pic.twitter.com/FgTwD2s2MW
امریکی صدر نے صادق خان کو دنیا کے بدترین میئرز میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ لندن میں بڑھتے ہوئے جرائم اس بات کا ثبوت ہیں کہ صادق خان اپنی ذمہ داریاں نبھانے میں ناکام ہوچکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ امیگریشن کے معاملے پر بھی صادق خان کی پالیسی لندن کے لیے ’’آفت‘‘ ثابت ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ صدر ٹرمپ کا یہ دورہ برطانیہ کی حکومت اور شاہی خاندان کی خصوصی دعوت پر ہوا تھا۔ دورے کے دوران انہوں نے برطانیہ کے ساتھ ٹیکنالوجی کے شعبے میں شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کیے جو دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
اسٹیٹ بینکوئٹ میں صدر ٹرمپ کے اعزاز میں شاہی خاندان نے پرتکلف عشائیہ دیا جس میں شاہی خاندان کے افراد، برطانوی سیاستدانوں اور امریکا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنیوں کے سربراہان نے شرکت کی۔ عشائیے کو برطانیہ اور امریکا کے درمیان قریبی تعلقات کا اظہار قرار دیا گیا۔ دورہ مکمل کرنے کے بعد صدر ٹرمپ امریکا روانہ ہوگئے۔