ویب ڈیسک: جی ایچ کیو حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیشی کے معاملے میں نئی پیشرفت سامنے آئی ہے۔ بانی پی ٹی آئی اور ان کے وکلاء نے ویڈیولنک پر پیشی سے بائیکاٹ کردیا ہے۔
اس سے قبل ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل سے بانی پی ٹی آئی کو واٹس ایپ لنک سے پیش کرنے کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے۔ بانی پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل سے واٹس ایپ لنک کے ذریعے آن لائن عدالت پیش کیا جائے گا۔
بتایا گیا ہے کہ کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ کر رہے ہیں۔جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت انسدادِ دہشت گردی عدالت راولپنڈی میں جاری ہے۔
دوسری جانب بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے ویڈیو لنک حاضری اور عدالت منتقلی کے نوٹیفکیشن کو چیلنج کر دیا ہے۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ ملزم کی ویڈیو لنک حاضری اور مقدمے کی کارروائی کا فیصلہ صرف ٹرائل کورٹ کا اختیار ہے۔پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے اپنے دلائل میں کہا کہ انتظامی احکامات کو چیلنج کرنے کا فورم ہائی کورٹ ہے نا کہ ٹرائل کورٹ۔
عدالت کی جانب سے وکیل صفائی کو مشاورت کے لیے 30 منٹ کی مہلت دی گئی۔
جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت وقفے کے بعد دوبارہ شروع ہوئی تو اڈیالہ جیل سے بانی پی ٹی آئی کو واٹس ایپ لنک سے پیش کر دیا گیا۔ بانی پی ٹی آئی واٹس ایپ لنک کے ذریعے عدالت میں پیش ہوئےبانی پی ٹی آئی کے وکلاء نے انہیں مشورہ دیا کہ ویڈیو لنک پر پیشی سے بائیکاٹ کریں۔کیس ہائی کورٹ راولپنڈی میں چیلنج کر نا ہے۔ جس کے بعد بانی پی ٹی آئی اور ان کے وکلاء نے ویڈیو لنک پر پیشی سے بائیکاٹ کردیا۔
یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی سمیت پی ٹی آئی کے ایک سو سے زائد رہنما و کارکنان جی ایچ کیو حملہ کیس میں نامزد ہیں۔