( پبلک نیوز) محمد شکیل خان:آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2024 کے لئے پچ کہاں او رکیسے بنی رپورٹ آگئی۔
تفصیلات کے مطابق پاک بھارت مقابلے کے لیے نیو یارک میں ایڈیلیڈ جیسی پچ ہو گی ۔ پاک بھارت مقابلہ 9 جون کو نساو کاونٹی اسٹیڈیم نیو یارک میں شیڈولڈ ہے۔ نیویارک کا یہ اسٹیڈیم عارضی طور پر تیار کیا گیا ہے۔ نساو کاونٹی اسٹیڈیم کو ورلڈ کپ کے لیے خصوصی طور پر تیار کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ عارضی طور پر تیار کیے گئے اسٹیڈیم کی پچ کے بارے میں سوالات کیے جا رہے ہیں ۔
سی ای او ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ بریٹ جونز کا کہنا ہے کہ عارضی اسٹیڈیم بنانے کے لیے بڑے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا۔ تعمیر کے دوران ریکارڈ بارشیں ہوئیں اس کے ساتھ جما دینے والی سردی بھی پڑی۔
انہوں نے بتایا کہ عارضی اسٹیڈیم کا آئیڈیا اولمپک گیمز گولف کورسز اور فارمولا ون سے لیا گیا۔ یہ وہی انفراسٹرکچر ہے جو ان ایونٹس میں استعمال ہوتا ہے۔ بیس تیس سال سے اس انفراسٹرکچر کے ساتھ کام کرنے والوں کی خدمات لی گئیں ہیں۔ پچ کے لیے ڈراپ ان ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے ایڈیلیڈ کے ماہر کیوریٹر ڈیمین ہاف کی خدمات حاصل کی گئیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈراپ ان پچز کو فلوریڈا کے گرم موسم میں تیار کیا گیا ہے۔
ایونٹ کے قریب پچز کو فلوریڈا سے نیویارک پہنچایا جائے گا۔ یہ پچز میلبرن اورایڈیلیڈ جیسی ہوں گی ڈیمین کے تجربے کے شکر گزار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا خیال ہے کہ یہ وکٹس بالکل ویسا کھیلیں گی جیسی ڈیمین ہوف تیار کرتے رہے ہیں ۔ ایڈیلیڈ پچز کا ٹریک ریکارڈ بہت اچھا رہا ہے۔