دوسرا ٹی 20، پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا

دوسرا ٹی 20، پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا
کیپشن: Second T20, Pakistan beat New Zealand by 7 wickets

ویب ڈیسک: دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے ہرادیا۔

  نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 91 رنز کا ہدف دیا، جو پاکستان نے باآسانی 13 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

محمد رضوان نے 45 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، عرفان خان 18 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ کپتان بابر اعظم 14، عثمان خان 7 اور صائم ایوب 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ 

مہمان ٹیم کی جانب سے بین لسٹر، مائیکل بریسویل اور اش سودھی نے ایک ایک وکٹ لی۔ 

راولپنڈی میں کھیلے جانیوالے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا، جو بالکل درست ثابت ہوا۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان کے مضبوط بولنگ اٹیک کے سامنے بری طرح ناکام ہوگئی اور 18 اعشاریہ 1 اوورز میں 90 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

شاہین شاہ آفریدی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ محمد عامر، شاداب خان اور ابرار احمد نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے مارک چیپمین 19 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔

فاسٹ بولر شاہین آفریدی کو تین وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

سیریز کے تمام میچز پاکستان کے پہلے اسپورٹس چینل جیو سوپر پر براہ راست نشر کیے جارہے ہیں۔ 

ٹاس کے موقع پر قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا تھا کہ ہماری ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں ہے۔کیوی ٹیم کے کپتان مائیکل بریسویل نے کہا تھا کہ ابھی تو پچ خشک لگ رہی ہے ہو سکتا ہے بعد میں اوس پڑ جائے۔

یاد رہے کہ راولپنڈی میں بارش کی وجہ سے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں صرف دو گیندیں پھینکی جا سکیں تھیں۔