(ویب ڈیسک) دارالحجاج لاہور نکلسن روڈ پر 21 اپریل سے عازمین حج کی ویکسینیشن کا عمل شروع کیا جائے گا، جس کے تحت مخصوص ویکسین لگوانا تمام عازمین کے لیے لازمی قرار دیا گیا ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق تمام حجاج کرام کو گردن توڑ بخار، انفلوئنزا اور پولیو سے بچاؤ کی ویکسینز لازمی طور پر لگوانا ہوں گی، جبکہ 65 سال سے زائد عمر کے عازمین کو کورونا ویکسین لگوانے کی بھی خصوصی ہدایت دی گئی ہے۔
ویکسینیشن مکمل کروانے والے عازمین کو پیلے رنگ کا سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا جو حج کے سفر کے لیے ضروری دستاویزات میں شامل ہوگا۔ حکومت نے ہدایت کی ہے کہ ہر عازم کو حج پرواز سے کم از کم 10 دن قبل ویکسینیشن کارڈ حاصل کرنا ہوگا۔
دارالحجاج لاہور میں ہفتے کے تمام دن ویکسینیشن کی سہولت دستیاب ہو گی۔ علاوہ ازیں، روانگی سے قبل عازمین کو سم کارڈ، شناختی لاکٹ اور دیگر ضروری کوائف بھی حاصل کرنا ہوں گے تاکہ حج کے دوران کسی قسم کی دشواری نہ ہو۔