ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے جیل سے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آپ کا کپتان ہر مشکل کے سامنے ڈٹ گیا ہے میرے حوصلے بلند ہیں آپ نے بھی گھبرانا نہیں۔
سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں بانی پی ٹی آئی نے 5 اگست اور 14 اگست کو سٹرکوں پر نکلے کیلئے پارٹی کارکنوں اور قیادت کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے قیادت کو کہا کہ وہ غیر منصفانہ سزائیوں سے ہرگز نہ گھبرائیں۔ عمران خان نے کہا کہ میں خود اس جیل کی کال کوٹھڑی میں قید رہ کر بھی اپنی قوم کی حقیقی آزادی کی جنگ لڑ رہا ہوں، اور جب تک آزادی نہیں ملتی میں اپنی جدوجہد جاری رکھوں گا۔ ہم نے ہم نے کسی بھی صورت ظلم اور جبر کے سامنے سر نہیں جھکانا۔
دوسری جانب، پی ٹی آئی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ عمران خان نے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کیلئے نامزد کر دیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ عمران خان نے اڈیالہ جیل میں ملاقات کیلئے آنے والوں کو اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی سے متعلق احکامات جاری کر دیے ہیں۔
خیال رہے کہ 9 مئی کے مقدمات میں انسداد دہشت گردی عدالت سے سزا پانے کے باعث پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب ناصرف قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے محروم ہو گئے تھے بلکہ تمام پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سمیت قومی اسمبلی کی تمام قائمہ کمیٹیوں سے بھی انہیں ہٹا دیا گیا تھا۔
الیکشن کمیشن نے عدالت کے فیصلے کے بعد عمر ایوب اور شبلی فراز کی نااہلی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا تھا جس کے خلاف دونوں رہنماؤں نے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔