ویب ڈیسک: مدھیہ پردیش کے ضلع نرسنگھپور میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں 18 سالہ طالب علم نے اپنی سابق اُستانی پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سوریانش کوچر نے یہ قدم اُستانی کی جانب سے کی گئی شکایت کے بدلے کے طور پر اٹھایا۔
یہ واقعہ سوموار کی سہ پہر تقریباً ساڑھے تین بجے پیش آیا۔ ملزم بوتل میں پیٹرول لے کر اُستانی کے گھر پہنچا اور بغیر کسی گفتگو کے اُن پر پیٹرول ڈال کر آگ لگا دی، پھر فوری طور پر موقع سے فرار ہو گیا۔
متاثرہ اُستانی کو 10 سے 15 فیصد تک جھلسنے کے زخم آئے۔ انہیں فوری طور پر ضلع ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی حالت کو خطرے سے باہر قرار دیا ہے۔
تحقیقات کے مطابق ملزم اور اُستانی ایک دوسرے کو گزشتہ دو برسوں سے جانتے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم اُستانی کی جانب یکطرفہ جذبات رکھتا تھا۔ حال ہی میں یومِ آزادی کی تقریب کے دوران اُستانی نے ساڑھی پہنی جس پر ملزم نے نازیبا تبصرہ کیا۔ شکایت درج ہونے کے بعد اس نے بدلہ لینے کا منصوبہ بنایا۔
پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو ڈونگراگاؤں کے علاقے سے گرفتار کر لیا ہے۔ اس کے خلاف تعزیراتِ ہند کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔