جرم کی واردات چند لمحوں کی، پولیس کی گرفت سے ملزم نہ بچ سکا

جرم کی واردات چند لمحوں کی، پولیس کی گرفت سے ملزم نہ بچ سکا

(ویب ڈیسک )لاہور پولیس کی جانب سےساؤتھ کینٹ بینک ڈکیتی کا مرکزی ملزم گرفتار کرلیا گیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ بینک ڈکیتی کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری کارروائی شروع کر دی،گرفتار ملزم سبحان علی برطانوی شہری اور سکاٹ لینڈ میں 6 سال تک ٹیکسی ڈرائیور رہ چکا ہے،ملزم 16 ستمبر کو برطانیہ سے پاکستان پہنچا، اس سے قبل اپریل میں بھی پاکستان آیا تھا۔

ڈی آئی جی آپریشنز  نے کہا کہ ملزم کے مطابق برطانیہ سے ساتھ لائی 1200 پاؤنڈز کی رقم خرچ ہونے کے بعد وہ رقم کی تلاش میں تھا،ملزم نے غازی روڈ پر بینک  کو پہلے ہی ممکنہ ہدف کے طور پر ذہن میں رکھا ہوا تھا،ملزم صبح 9 بج کر 19 منٹ پر بینک میں داخل ہوا اور تقریباً 9 منٹ تک اندر موجود رہا،ملزم بینک کاؤنٹر سے 7 لاکھ 26 ہزار روپے اور سکیورٹی گارڈز کے 2 ہتھیار لوٹ کر فرار ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی کے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا،گرفتار ملزم سے ڈکیتی میں لوٹی گئی 4 لاکھ 26 ہزار روپے نقدی برآمدہوئی، پولیس نے ملزم کے قبضے سے 2 پستول اور ایک 12 بور رائفل بھی برآمد کر لی۔واردات میں استعمال ہونے والی سفید ہونڈا سِوک آر ایس ٹربو بھی پولیس نے برآمد کر لی،ملزم نے گاڑی کا رجسٹریشن نمبر سیاہ پینٹ سے چھپا رکھا تھا۔

فیصل کامران نے کہا کہ ملزم نے اپریل میں سیالکوٹ سے 45 ہزار روپے میں پستول خریدنے کا انکشاف کیا،ملزم نے ٹھوکر سے 20 ہزار روپے میں گولیاں حاصل کرنے کا بھی بتایا،ناجائز اسلحہ کی خرید و فروخت اور ملزم تک اسلحہ پہنچانے کے ذرائع کی بھی جانچ جاری ہے،ملزم نے اسلام آباد جانے کےلیے 3 لاکھ روپے ادا کر کے گاڑی رینٹ پر لی،اسلحہ، گاڑی، نقدی اور دیگر شواہد کو تفتیشی ریکارڈ کا حصہ بنایا جا رہا ہے،گرفتاری اور اہم برآمدگی میں ایس ایس پی آپریشنز، ایس پی کینٹ اور دیگر افسران کی بھرپور کاوش شامل ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ لاہور جرائم پیشہ عناصر کے لیے محفوظ پناہ گاہ نہیں، قانون شکن عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے، گرفتاری، ڈکیتوں چوروں کےلیے پیغام کی لاہور ان کےلیے محفوظ پناہ گاہ نہیں،سیف سٹی اتھارٹی پولیس کی ریڑھ کی ہڈی کی ماند ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیف سٹی اتھارٹی کا جدید نظام پولیس کی کارروائیوں میں اہم معاون ثابت ہو رہا ہے،لاہور پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت الرٹ ہے۔

Watch Live Public News